پاکستان کیلئے کرکٹ میں عالمی ریکارڈبنانا چاہتا ہوں، سعد آصف

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

I want to set a world record in cricket for Pakistan: Saad Asif

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان نے کرکٹ کی دنیا میں بے شمار نامور ستاروں کو جنم دیا اور جہاں بات اسپن باؤلنگ کی ہو تو پاکستان نے عبدالقادر، توصیف احمد،مشتاق احمد، دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق، سعید اجمل، شاہد آفریدی سمیت درجنوں نام ہیں جنہوں نے اپنی گھومتی گیندوں سے بلے بازوں کو مشکل میں ڈالے رکھا اور آج چائنہ مین باؤلنگ بھی کرکٹ کا اہم جز بن چکی ہے۔ پاکستان میں بھی نوجوانوں میں چائنہ مین باؤلنگ کا شوق دن بدن بڑھتا جارہا ہے۔

ایم ایم نیوز نے انڈر 16 کے نوجوان چائنہ مین باؤلر سعدآصف سے ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا جس کا احوال نذر قارئین ہے۔

ایم ایم نیوز:آپ نے کرکٹر بننے کا فیصلہ کیوں کیا ؟

سعد آصف: میں نے پانچویں جماعت سے کرکٹ کھیلنا شروع کیا، ابتداء میں ٹیپ بال سے کھیلتا تھا اور پھر میں نے انڈر 13 کے ٹرائل میں حصہ لیا اور سلیکشن کے بعد میں نے انڈر13 کے پہلے سال میں بطور کھلاڑی اور دوسرے سال بطور کپتان حصہ لیا اور اس کے بعد میں نے 3 سال انڈر 16 میں حصہ لیا اور سندھ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے میں دوسرے نمبر پر رہا۔ میں نے اپنے کھیل کو نکھارنے کیلئے اپنے گھر کے چھت پر نیٹ لگایا ہے اور میں وہاں روز پریکٹس کرتا ہوں اور میں ایک اچھا آل راؤنڈر بننے کیلئے بیٹنگ پر بھی توجہ دیتا ہوں۔

ایم ایم نیوز:چائنہ مین باؤلنگ کو لفظوں میں کیسے بیان کرینگے؟

سعد آصف: چائنہ مین باؤلنگ تھوڑی مشکل ہے اسی لئے زیادہ تر لیفٹ آرم اسپنر آرتھوڈوکس اسپن کرتے ہیں ، عالمی سطح پر انڈیا کے کلدیپ یادیو کے علاوہ اور کوئی چائنہ مین باؤلر نہیں ہے۔چائنہ مین اسپنر کے پاس گگلی، بگ اسپن، فلپراورسلائیڈر کی چار خصوصیات ہوتی ہیں جن سے چائنہ مین باؤلرز کو بہت مدد ملتی ہے۔

ایم ایم نیوز:آپ روزانہ کتنا وقت پریکٹس میں بتاتے ہیں؟

سعد آصف: میں روزانہ ڈیڑھ سے دو گھنٹے پریکٹس کرتاہوں ، باؤلنگ کے ساتھ ساتھ میں بیٹنگ کی بھی پریکٹس کرتا ہوں اور ہفتے میں دو بار یوگا بھی کرتا ہوں ۔

ایم ایم نیوز:اب تک کی آپ کی یادگار پرفارمنس کونسی رہی؟

سعد آصف: انڈر 16 میں دوسال پہلے میں نے پورے ایونٹ میں اچھی باؤلنگ کی تھی اور دو رن فی اوور کی اوسط سے باؤلنگ کے ساتھ وکٹیں بھی لی تھیں جس سے ہماری ٹیم کو بہت فائدہ ہوا تھا۔

ایم ایم نیوز:آپ کرکٹ میں سب سے زیادہ کس کھلاڑی سے متاثر ہیں؟

سعد آصف: کرکٹ میں سب سے پسندیدہ کھلاڑی بابر اعظم ہیں جبکہ مجھے عمر اکمل کے کھیلنے کا انداز بھی پسند ہے اور باؤلرز میں شین وارن اور کلدیپ یادیو پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔

ایم ایم نیوز:بھارت کے چائنہ مین کلدیپ یادیو سے کبھی کچھ سیکھا؟

سعد آصف: بھارت کے کلدیپ یادیو کی ویڈیوز دیکھ کر مجھے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے، کلدیپ یادیو کی ویڈیوز دیکھ کر میں نیٹ میں پریکٹس کے دوران اسی انداز سے باؤلنگ کی کوشش کرتا ہوں ۔

ایم ایم نیوز: پاکستان سپر لیگ میں آپ کی پسندیدہ ٹیم کونسی ہے؟

سعد آصف: پاکستان سپرلیگ پاکستان کی پہنچان ہے اور کراچی سے تعلق کی وجہ سے مجھے کراچی کی ٹیم پسند ہے اور انشااللہ اس بار بھی کراچی کی ٹیم ٹرافی جیتے گی۔

ایم ایم نیوز:کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں سب سے زیادہ پسندیدہ فارمیٹ کونسا ہے؟

سعد آصف: کرکٹ کے تینوں فارمیٹس کا الگ مزہ لیکن مجھے ذاتی طور پر ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ کرکٹ زیادہ پسند ہے۔

ایم ایم نیوز:آپ کے خیال میں کسی کرکٹر کیلئے فٹنس کتنی اہم ہے؟

سعد آصف: پہلے لوگ صرف بیٹنگ یا باؤلنگ پر زیادہ توجہ دیتے ہیں لیکن آج کی کرکٹ میں فٹنس بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہے اور کسی بھی کھلاڑی کو بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کے ساتھ فٹنس پر بھی بہت زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ایم ایم نیوز:آپ کا مستقبل کا منصوبہ کیا ہے، اگر چل کر کیا کرنا چاہتے ہیں؟

سعد آصف: ابھی یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں نے بہت کچھ کرلیا بلکہ ابھی تو میری شروعات بھی نہیں ہوئی ،پاکستان کی نمائندگی کرنا اور ریکارڈ بنانا میرا خواب ہے اور اپنے خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے میں بہت محنت کرتا ہوں۔

Related Posts