مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 128واں روز، انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مقبوضہ کشمیر میں بد ترین کرفیو کا 128واں روز، انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں
مقبوضہ کشمیر میں بد ترین کرفیو کا 128واں روز، انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

مقبوضہ جموں و کشمیر میں تاریخِ انسانی کا بد ترین کرفیو 128ویں روز میں داخل ہوچکا ہے  جبکہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں آج بھی جاری و ساری ہیں۔ 

عالمی یومِ انسانی حقوق کے موقعے پر بھی مظلوم کشمیریوں کو خوراک اور ادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ قابض بھارتی فوج نے مظلوم کشمیریوں پر عرصۂ حیات تنگ کر رکھا ہے۔ ذرائع مواصلات کی عدم دستیابی کے باعث کشمیری عوام باہمی روابط سے قاصر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیرمیں گزشتہ 4ماہ کے دوران 38کشمیری شہید ہوئے

کشمیر میں کاروبارِ زندگی مکمل طور پر مفلوج و معطل ہے۔ بھارت کی طرف سے  کشمیر میں سرچ آپریشن کے نام پر پکڑ دھکڑ، ظلم و تشدد اور قتل و غارت کا سلسلہ مسلسل جاری ہے جبکہ موبائل، انٹرنیٹ اور ٹی وی نشریات بھی بحال نہیں کی گئیں۔کشمیری عوام ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے باعث کہیں آ جا نہیں سکتے، نہ کسی سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ 

سرچ آپریشن کے نام پر بھارتی فوج نہتے  کشمیری نوجوانوں، بچوں اور خواتین کو تشدد کا نشانہ بناتی ہے اور ہر روز مسلسل کشمیری عوام بالخصوص نوجوانوں کو شہید کیا جاتا ہے۔ مسلسل لاک ڈاؤن کے باعث گھروں میں محصور کشمیریوں کی شہادت کے اعدادو شمار بھی آج تک مرتب نہ کیے جاسکے۔ 

مظلوم کشمیری نوجوانوں، حریت رہنماؤں اور بھارت نواز سیاستدانوں کو بھی قابض بھارتی فوج نے بڑی تعداد میں گرفتار کرکے یا تو جیلوں میں ڈال دیا ہے یا انہیں نظر بند کردیا گیا ہے۔جیلوں میں ماورائے عدالت قتل، تشدد اور مارپیٹ کا سامنا کرنے والے کشمیریوں کی زندگی کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔ 

 ماہِ نومبر کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں کم از کم 7 افراد کو شہید کیا گیا، جبکہ 60 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا جن میں کشمیری نوجوان اور حریت رہنما شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: گزشتہ ماہ کے دوران کشمیر میں  7 افراد شہید، 60 گرفتار

یاد رہے کہ مقبوضہ جموں و  کشمیر میں انسانی حقوق کا عالمی دن آج یوم سیاہ کے طورپرمنایا جا رہا ہے جس کامقصد عالمی برداری کی توجہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارتی جارحیت  کی جانب مبذول کرانا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یومِ انسانی حقوق یومِ سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل  گزشتہ روز  کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین اور سینئر حریت رہنما سید علی گیلانی نے کی۔ یہ دن دنیا بھر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی طرف سے 10دسمبر 1948کو انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں:  کشمیر میں انسانی حقوق کا عالمی دن یوم سیاہ کے طورپر منایا جائے گا

Related Posts