کراچی:پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سیدمصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وفاق اور سندھ حکومت سمیت سب کراچی سے کچرا اٹھانے میں ناکام ہوگئے ہیں، کرپشن کی وجہ سے مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
وزیر اعظم سے گزارش ہے نوازشریف کو بہترین طبی سہولتیں دی جائیں تمام سیاسی اختلافات بھلا کر نوازشریف کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔گزشتہ روزپاکستان ہائوس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ پی ایس پی مصطفی کمال نے کہا کہ اس شہر میں کچرا اٹھانا مسئلہ بن کر رہ گیا ہے۔
پہلے وفاق پھر صوبائی حکومت سمیت سب فیل ہوگئے، اب توکتے کے کاٹنے کی خبریں بہت زیادہ عام ہوچکی ہیں کتے کاٹے کی ویکسین سرکاری اسپتالوں میں میسر نہیں۔انہوں نے کہاکہ پہلے تو کتے کو کھانے میں زہر ملا کردیا کرتے تھے تو وہ مرجاتا تھا اب تو کتے کے زہر میں بھی کرپشن ہے جس سے کتے مر نہیں رہے۔
یہ بھی پڑھیں : نوکریوں کے معاملے پر پاکستانیوں سے دھوکا کیاگیا، مصطفیٰ کمال کی حکومت پر تنقید
مصطفی کمال نے کہاکہ کراچی کے لوگ جب تک خاموش رہیں گے عذاب بڑھتا رہے گا عوام سے کہتا ہوں کہ ظلم کوخاموشی سے سہنے والا ظالم کاساتھی ہے پاک سرزمین پارٹی آخرتک ظلم کے خلاف کھڑی ہے، ہماراساتھ دیں ہم اس ظلم کی طاقت کوتباہ و برباد کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں میری دعا ہے شریف خاندان اس آزمائش سے جلد نکلے، وزیر اعظم سے گزارش ہے نوازشریف کو بہترین طبی سہولتیں دی جائیں تمام سیاسی اختلافات بھلا کر نوازشریف کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
چیئرمین پی ایس پی نے کہاکہ پی ایس پی اس ملک کا مستقبل ہے، بطورسٹی ناظم کئے گئے کاموں کو دنیا یاد رکھتی ہے، یہی وجہ ہے کہ پاک سرزمین پارٹی میں لوگ شامل ہورہے ہیں میں میرشمس مینگل کوپی ایس پی میں خوش آمدید کہتاہوں یہ2013 کے عام انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں۔
مزید پڑھیں : کراچی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے جو تباہ ہو رہی ہے، چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال