کراچی : سری لنکا کے قونصل جنرل جی ایل گننا تھیوا نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری تعلقات کو بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات تجویز کرتے ہوئے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو دعوت دی ہے کہ وہ تجارت وسرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے اپنا وفد سری لنکا بھیجے۔
کے سی سی آئی کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب میں سری لنکا کے قونصل جنرل کاکہناتھاکہ پاکستان اور سری لنکا کی تاجربرادری کو موجودہ تجارتی حجم کو بہتر بنانے کے لیے تجارت کے مزید مواقع تلاش کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی نیز تجارت، سرمایہ کاری اور برآمدات میں ترقی کے لیے روڈ میپ وضع کرنا ہوگا۔
سری لنکن قونصل جنرل نے کہاکہ پاکستان اور سری لنکا شاندار تعلقات سے لطف اندوز ہورہے ہیں اور بلاشبہ بہترین شراکت دار ہیں جبکہ سری لنکاوہ پہلا ملک ہے جسے پاکستان کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔
انہوں نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ سری لنکن ٹیم کو پاکستان کے دورے کے موقع پر کوئی مسئلہ درپیش نہیںرہا بلکہ سری لنکن ٹیم ٹیسٹ میچز کھیلنے کے لیے ایک بار پھر جلد یہاںآئے گی۔
انہوں نے کہاکہ سری لنکا تجارت و سرمایہ کاری کے بے شمار مواقعوں کی پیشکش کرتا ہے کیونکہ ان کا ملک اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی پیداوار کرتا ہے جو کئی ترقی یافتہ مغربی ممالک کو برآمد کی جارہی ہیں۔
انہوں نے سری لنکا کے دنیا بھر کے کئی ممالک کے آزاد تجارتی معاہدوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ کراچی کی تاجربرادری سری لنکا کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے کے امکانات کا ضرور جائزہ لے جو یورپ، امریکا، برطانیہ اور کینیڈا کے لیے گیٹ وے کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے جہاں پاکستان اپنی اشیاء سری لنکا سے بھیج کر ڈیوٹی فری رسائی حاصل کرسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: ایم ایس سی آئی کا ششماہی جائزہ جاری، ایمرجنگ مارکیٹ میں پاکستان کی درجہ بندی برقرار