بنگلا دیش کرکٹ ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ کھیلنےپر رضا مند، شیڈول طے پاگیا

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

bangladesh cricket team
bangladesh cricket team

لاہور: بنگلا دیش کرکٹ ٹیم دو مرحلوں میں دورہ پاکستان کے لیے رضامند ہوگئی ہے ، سیریز کا شیڈول بھی طے پاگیا ہے ، دونوں ٹیموں کے مابین 3 ٹی20،ایک ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان اور بنگلا دیش کے کرکٹ بورڈز کے درمیان دورہ پاکستان کے حوالے سے معاہدہ طے پاگیا، شیڈول کے مطابق سیریز میں شامل 3 ٹی ٹوئنٹی، 1 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز پاکستان میں ہوں گے۔

شیڈول کو حتمی شکل پاکستان اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ حکام کی ملاقات میں دی گئی جب کہ آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے معاملات طے کرنے میں معاون کا کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ بات چیت کر کے انہیں دورے کے لیے راضی کیاجبکہ آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے بنگلہ دیش کو راضی کرنے کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کیا۔

نئے شیڈول کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ ٹیم 24 سے 27 جنوری تک لاہور میں 3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی اور وطن لوٹ جائے گی جس کے بعد اپریل میں دونوں ٹیموں کے درمیان مزید ایک ٹیسٹ اور ایک ون ڈے میچ کھیلا جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ کے انعقاد اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے دورے کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے،دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کچھ کرکٹرز فٹنس ٹیسٹ کا مطلوبہ معیار حاصل نہیں کر سکے، ہیڈ کوچ مصباح الحق

پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد بنگلا دیش کی ٹیم وطن واپس لوٹ جائے گی اور پاکستان میں 20فروری سےپی ایس ایل سیزن 5 کا آغاز ہو جائے گا، ایونٹ کے اختتام پر بنگلا دیش کی ٹیم اپریل میں دوبارہ پاکستان آئے گی جہاں سیریز کا واحد ون ڈے میچ 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اپریل تک کراچی میں ہی ہوگا، چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ شیڈول کو حتمی شکل دینے پر ششانک منوہر کی معاونت کے مشکور ہیں۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ نئے شیڈول کی تیاری دونوں بورڈز کی جیت ہے، شیڈول کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ ٹیم 3 مرتبہ پاکستان آئے گی، بنگلا دیش ٹیم کا دورہ ثبوت ہے کہ پاکستان پرامن اور محفوظ ملک ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا تھا، صدربی سی بی نظم الحسن کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ سیریز نہ کھیلنے کا فیصلہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال کی وجہ سے کیا ہے، سیکیورٹی ایڈوائز پر صرف 3 ٹی ٹوینٹی میچ کھیل سکتے ہیں۔

Related Posts