لاہور: پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق نے ڈیوس کپ مقابلے پاکستان سے باہر منتقل کرنے پراحتجاجاًایونٹ کابائیکاٹ کردیا۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کو لکھے گئے خط میں اعصام الحق نے کہا ہے کہ بھارت کی ڈیوس کپ میں عدم شمولیت غیرمنصفانہ فیصلہ ہے، انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے پاکستان سے ناانصافی کی ہے۔ پاکستان میں کسی بھارتی شہری کو کوئی خطرہ نہیں اور اگر ایونٹ پاکستان سے منتقل ہواتوحصہ نہیں لوں گا۔
اعصام الحق نے اپنے خط میں بھارتی ٹینس حکام کو بھی آڑے ہاتھ لیا اور کہا کہ ان کے پاکستان نہ آنے کے لیے بہانے قابل قبول نہیں اور یہ کہنا کہ یہاں ان کو مناسب سیکیورٹی نہیں مل سکتی ، توہین آمیز ہے۔
اعصام الحق نے کہا کہ بھارتی بلا خوف کرتارپور، ننکانہ صاحب اور ٹیکسلا آ رہے ہیں، سری لنکا کی کرکٹ ٹیم لاہور میں کھیل چکی ہے، بنگلا دیش کی ٹیمیں مختلف شہروں میں کھیل چکی ہیں، برطانوی شاہی جوڑا اسلام آباد اور لاہور کی سیر کرچکا ہے، ہالینڈ کی وزیر اعظم پاکستان آرہی ہیں۔ ایسے میں آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے کہنے پر مقابلے بیرون ملک منتقل کردینا پاکستانی عوام سے زیادتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی پاکستان سے واپس لے لی