کون کون سے ممالک اسرائیل پر ایرانی حملوں کی حمایت کر رہے ہیں؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

فوٹو بلومبرگ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

ایران کی جانب سے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اسرائیل پر سینکڑوں میزائلوں اور ڈرون طیاروں کے ذریعے براہ راست حملہ ایسا واقعہ ہے جس کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی۔

اگرچہ ایران اور اسرائیل ایک دوسرے کے مفادات کو بالواسطہ طور پر طویل عرصے سے نشانہ بناتے آ رہے ہیں اور اسرائیل نے بارہا ایرانی مفادات اور ایران سے متعلقہ املاک، اثاثوں اور شخصیات پر براہ راست حملے کیے ہیں تاہم ایران نے براہ راست حملہ پہلی بار کیا ہے۔

ایران کے جوابی حملے کے بعد اسرائیل کے سرپرست اور اتحادی ممالک بشمول امریکا، کینیڈا، برطانیہ، فرانس، جرمنی وغیرہ نے ایران کی کھل کر مذمت کی اور اس جوابی کارروائی کو خطے میں کشیدگی بڑھانے کا سبب قرار دیا۔

اب سوال یہ ہے کہ ایران کا حملہ ایک جوابی کارروائی اور ردعمل ہونے کے باوجود کیا کسی ملک نے ایران کے اس اقدام کی حمایت کی ہے؟ آئیے اس کا ایک جائزہ لیتے ہیں۔

عالمی سطح پر ایران کے روایتی اتحادیوں میں روس اور چین نمایاں ہیں، تاہم ایران کے حملے کے بعد ایران کے ان دونوں اتحادیوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

چین نے خطے میں جنگی ماحول پروان چڑھنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کو غزہ کے معاملے سے جوڑا ہے اور کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے تسلسل میں ہی اس کی نوبت آئی ہے۔

روس نے واقعے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فریقین کو صبر و تحمل کی تلقین کی ہے، جبکہ ترکیہ نے بھی جنگ بڑھنے کے خطرے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین کو صبر کی تلقین کی ہے۔

افغانستان واحد ملک ہے جہاں برسر اقتدار طالبان حکومت نے کھل کر اسرائیل پر ایرانی حملے کو جائز قرار دیا ہے۔  افغان طالبان نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ ایران کا جائز دفاعی عمل ہے۔
ایک بیان میں افغان وزارت خارجہ نے کا کہنا تھا کہ شام میں ایرانی قونصلیٹ پر حملے کا ایرانی جواب جائز ہے۔ افغان وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی قونصلیٹ پریکم اپریل کا اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی تھا۔ افغان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ دنیا کشیدگی بڑھنے سے روکنے کے لیے صیہونی ریاست کے جرائم کو روکے۔

ملکوں کی سطح پر اس پوزیشن کے علاوہ عالم اسلام میں عوامی سطح پر بڑے پیمانے پر مسرت کا اظہار کیا جا رہا ہے اور اسرائیل پر ان حملوں کو سراہا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں عراق، شام، لبنان اور یمن میں ایران کی اتحادی مسلح تنظیموں لبنان کی حزب اللہ، یمن کی انصار اللہ حوثی وغیرہ نے ایران کے حملوں کو کھل کر خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ دوسرے مسلم ممالک بھی ایران کی طرح غیرت کا مظاہرہ کرکے اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں۔

Related Posts