وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے وژن کے تحت سپارکو کے تعاون سے نارووال میں پہلی مرتبہ ورلڈ اسپیس ویک 2026 منایا گیا جس کا مقصد نوجوانوں میں خلائی علوم، سائنسی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے اعلان کیا کہ یونیورسٹی آف نارووال میں پاکستان کا پہلا اسپیس میوزیم قائم کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کی خلائی تحقیق میں دلچسپی بڑھائی جاسکے۔
وفاقی وزیر کے مطابق 25 نومبر کو پاکستان کا پہلا خلا باز چین کے خلائی مرکز سے مشن پر روانہ ہوگا جبکہ پاکستان نے 2035 تک چاند پر لینڈنگ کا ہدف مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے پاکستان خلائی تحقیق میں اہم پیش رفت کرے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ خلائی ٹیکنالوجی زراعت، مواصلات، موسمیاتی تبدیلیوں، تعلیم اور قومی سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تحقیق، سائنسی جستجو اور علم کے حصول کو ترجیح دیں۔
وفاقی وزیر نے یونیورسٹی آف نارووال کی اسلام آباد سائنس فیسٹیول میں پہلی پوزیشن کو نوجوانوں کی صلاحیتوں کا ثبوت قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی شعبوں میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کررہی ہے تاکہ پاکستان علم و تحقیق کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کرسکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








