سیاسی ری سیٹ یا کچھ اور؟ بلاول بھٹو کے بیان نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ دی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کا نظام خودبخود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کروایا گیا ہے جس کا حل کسی غیر سیاسی اقدام میں نہیں بلکہ سیاسی ری سیٹ میں ہے۔ نظام کی بحالی کے لیے پارلیمان سے آغاز کرنا ہوگا اور تمام اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔

کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام کی ناکامی میں وہ خود بھی ذمہ دار ہیں، تاہم کوئی اس بات پر بحث نہیں کر رہا کہ نظام اس مقام تک کیسے پہنچا۔ ان کے مطابق پارلیمان پر اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے بغیر سیاسی ماحول بہتر نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں اور یہ سوال اٹھایا کہ کیا ماضی کے تمام وزرائے اعظم واقعی مجرم تھے یا انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا؟ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں جہاں وزیراعظم کو عہدہ چھوڑنے کے بعد جیل نہ جانا پڑے۔ پی ٹی آئی کو دہشت گردی کے خلاف جدوجہد پر آمادہ کیا جائے تو گورنر راج کے خاتمے کی راہ بھی نکل سکتی ہے۔

بلاول بھٹو نے 27ویں آئینی ترمیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 26ویں ترمیم باہمی رضامندی سے منظور ہوئی تاہم 27ویں ترمیم جبری اکثریت کے ذریعے منظور کرائی گئی جس کے بعد سینئر ججوں کے استعفے سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں پر اعتماد کی بحالی ناگزیر ہے۔

مولانا فضل الرحمان کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ان کے تحفظات دور کیے جائیں اور سیاسی انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے پاس اتنے اختیارات ہونے چاہئیں کہ وہ اپنی کابینہ کے ارکان کو مؤثر انداز میں کنٹرول کرسکیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے صحافیوں کو درپیش دباؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کمزور ہوچکا ہے اور صحافیوں کو بلاخوف سچ بولنے کا حق ملنا چاہیے۔ انہوں نے مہنگائی، معاشی مشکلات اور کرپشن کو ملک کے بنیادی مسائل قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاست دان عوامی مسائل کے بجائے نفرت اور تقسیم کی سیاست میں مصروف ہیں۔

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی آئین، قانون اور عوامی خواہشات کے مطابق صوبوں کے قیام کی حامی ہے، تاہم سندھ کی زبردستی تقسیم سے خونریزی اور شدید معاشرتی انتشار پیدا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بنانے کے لیے آئینی اور جمہوری طریقہ اختیار کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے وفاقی حکومت پر صوبوں کے مالی حقوق ادا نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم لیوی میں صوبوں کا حصہ تقریباً 1.7 ٹریلین روپے بنتا ہے جو انہیں نہیں مل رہا۔ ان کے مطابق صوبوں کو وسائل فراہم کیے بغیر صحت اور بنیادی ڈھانچے کی خراب صورتحال کا ذمہ دار صوبائی حکومتوں کو قرار دینا درست نہیں ہے۔

Related Posts