کراچی کے علاقے سول لائنز میں واقع امریکی قونصل جنرل کی سابق سرکاری رہائش گاہ ایک پاکستانی کاروباری گروپ نے 6 ارب 92 کروڑ روپے میں خرید لی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے بلومبرگ کے مطابق یہ حالیہ برسوں میں پاکستان کے بڑے پراپرٹی سودوں میں شمار ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈینی گروپ نے یہ جائیداد امریکی حکومت سے حاصل کی جس کی مالیت 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے زائد بتائی گئی ہے۔ تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار مربع فٹ رقبے پر پھیلا یہ کمپاؤنڈ کراچی کے اہم علاقے سول لائنز میں واقع ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے ای میل کے ذریعے جائیداد ڈینی تعمیرات کو فروخت کیے جانے کی تصدیق کی، تاہم معاہدے کی قیمت بتانے سے گریز کیا۔ ڈینی گروپ نے بھی خریداری کی تصدیق کرتے ہوئے مالی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
ڈینی گروپ کراچی میں قائم نجی کاروباری ادارہ ہے جو ڈینی ٹیکنالوجیز کے ذریعے الیکٹرانکس اور ڈینی تعمیرات کے ذریعے رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں سرگرم ہے۔
ڈینی تعمیرات کے چیف ایگزیکٹو دانش اے رؤف نے سابق امریکی رہائش گاہ کو تاریخی اہمیت کی حامل عمارت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جائیداد اپنے وقار اور تاریخی حیثیت کے باعث مستقبل کے منصوبے کا مرکزی حصہ ہوگی۔
ان کے مطابق کمپنی اس مقام پر منصوبوں کے لیے مقامی اور غیر ملکی کاروباری گروپس سے شراکت داری پر بات چیت کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کمپنی اپنے اہل خانہ کے ساتھ اسی رہائش گاہ میں منتقل ہونے کے امکان پر بھی غور کر رہی ہے۔
بلومبرگ کے مطابق یہ سودا پاکستان میں مہنگی اور پرتعیش جائیدادوں کی بڑھتی ہوئی طلب کی عکاسی کرتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








