سندھ تباہ مگر بلاول کو پورے ملک کی فکر! 18 سالہ اقتدار کا حساب کون دے گا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کراچی پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے ملک کے سیاسی نظام، آئینی اصلاحات، صوبائی خودمختاری اور نئے صوبوں کے قیام پر تو تفصیلی گفتگو کی تاہم ان کے خطاب کے بعد سندھ میں پیپلز پارٹی کے 18 سالہ مسلسل اقتدار اور صوبے کی کارکردگی سے متعلق کئی بنیادی سوالات ایک مرتبہ پھر اہمیت اختیار کرگئے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ ملک کے نظام کی ناکامی پر بات کرنے والے بلاول بھٹو زرداری اپنی جماعت کی سندھ میں تقریباً دو دہائیوں پر محیط حکمرانی کا جواب کب دیں گے؟

پیپلز پارٹی 2008 سے سندھ میں مسلسل اقتدار میں ہے اور اس طویل عرصے کے دوران صوبے میں تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، صفائی، روزگار اور بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی ذمہ داری رہی ہے تاہم دستیاب سرکاری اور بین الاقوامی اعدادوشمار صوبے میں بنیادی مسائل کی سنگینی ظاہر کرتے ہیں۔

سندھ میں 78 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر

تعلیم کے شعبے کی صورتحال پیپلز پارٹی کی حکمرانی پر سب سے اہم سوالات میں شامل ہے۔ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کی مردم شماری 2023 کی صوبائی رپورٹ کے مطابق سندھ میں 5 سے 16 سال کی عمر کے 78 لاکھ 18 ہزار 248 بچے اسکولوں سے باہر تھے جو اس عمر کے بچوں کی مجموعی آبادی کا 46.29 فیصد بنتے ہیں۔

دوسری جانب یونیسیف کے مطابق سندھ میں تقریباً 74 لاکھ بچے اسکول نہیں جاتے جو کہ صوبے کی متعلقہ عمر کی آبادی کا 44 فیصد ہیں۔ یہ اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ صوبے میں بچوں کی ایک بڑی تعداد آج بھی بنیادی حقِ تعلیم سے محروم ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ سندھ حکومت نے 2013 میں مفت اور لازمی تعلیم کا قانون بھی منظور کیا تھا جس کے تحت 5 سے 16 سال کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن ایک دہائی سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔

تعلیمی منصوبوں پر اربوں روپے خرچ، اسکول پھر بھی نامکمل

سرکاری آڈٹ رپورٹ میں بھی سندھ کے تعلیمی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کی نشاندہی کی گئی ہے۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی آڈٹ رپورٹ برائے 2024-25 کے مطابق اسکولوں کی تعمیر، بحالی اور تزئین و آرائش کے لیے 2 ارب 47 کروڑ 26 لاکھ روپے سے زائد خرچ کیے گئے لیکن متعدد منصوبے 3 سے 16 سال گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہوسکے۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق ان تاخیر زدہ منصوبوں کے باعث طلبہ بہتر تعلیمی عمارتوں اور سہولیات سے محروم رہے۔ رپورٹ میں متعلقہ حکام سے منصوبوں میں تاخیر کی وجوہات اور فنڈز کے استعمال کی وضاحت بھی طلب کی گئی۔

یہ صورتحال اس سوال کو جنم دیتی ہے کہ مسلسل اقتدار کے باوجود سندھ کے سرکاری تعلیمی اداروں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں اتنی تاخیر کیوں ہوئی؟

صحت، پانی اور شہری سہولیات بھی بڑے چیلنج

سندھ میں تعلیم کے علاوہ صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی بھی مسلسل توجہ طلب شعبے ہیں۔ کراچی سمیت صوبے کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں میں نکاسی آب، کچرے کی صفائی، ٹرانسپورٹ اور صاف پانی کی فراہمی سے متعلق شکایات سامنے آتی رہتی ہیں۔

امریکی ادارے یو ایس ایڈ کے انسپکٹر جنرل کی 2025 کی آڈٹ رپورٹ میں سندھ کے منتخب اسکولوں میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی، ناقص بیت الخلا اور عمارتوں کی دیکھ بھال میں کوتاہیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔رپورٹ کے مطابق اسکولوں کی حوالگی کے بعد مناسب دیکھ بھال نہ ہونے سے تعلیمی ماحول متاثر ہوا۔

اسی طرح اگست 2026 میں شائع ہونے والی ڈان کی ایک اداریاتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2022 کے سیلاب سے متاثر ہونے والے سندھ کے 14 ہزار 343 اسکول مارچ 2026 تک بحالی کے منتظر تھے۔

18 سالہ اقتدار کے بعد عوام کو کیا ملا؟

بلاول بھٹو زرداری اپنے خطاب میں وفاقی حکومت سے صوبوں کے مالی حقوق، این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں آئینی ترمیم پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتے رہے لیکن صوبائی خودمختاری کے ساتھ صوبائی حکومت کی جواب دہی بھی جمہوری نظام کا بنیادی تقاضا ہے۔

اگر وفاقی حکومت سے وسائل کی فراہمی کا مطالبہ کیا جاتا ہے تو سندھ حکومت سے بھی یہ پوچھنا ضروری ہے کہ دستیاب وسائل عوام کی تعلیم، صحت، پانی اور دیگر بنیادی ضروریات پر کس حد تک خرچ ہوئے۔

پیپلز پارٹی کی قیادت کے سامنے اب محض سیاسی بیانات کا نہیں بلکہ عملی کارکردگی کا سوال ہے۔ سندھ میں 18 سالہ حکمرانی کے باوجود لاکھوں بچوں کا اسکولوں سے باہر ہونا، تعلیمی منصوبوں کا برسوں تک نامکمل رہنا اور بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل صوبائی حکومت کی ترجیحات اور کارکردگی کا جائزہ لینے کی ضرورت کو نمایاں کرتے ہیں۔

بلاول زرداری دوسروں سے سیاسی نظام اور جمہوری اصلاحات کا حساب مانگ رہے ہیں، لیکن سندھ کے عوام کا اپنی صوبائی حکومت سے یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ 18 سال کے اقتدار میں تعلیم، صحت، صاف پانی اور بنیادی شہری سہولیات کے حوالے سے وہ تبدیلی کیوں نہیں آسکی جس کے وعدے کیے جاتے رہے ہیں؟

Related Posts