پاکستانی پاسپورٹ مگر ایجنٹ ایرانی اور نشانہ ٹرمپ! آصف مرچنٹ کو 27 سال قید کی سزا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت اہم سیاسی شخصیات کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کے مقدمے میں پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو امریکی عدالت نے 27 سال اور 6 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق آصف مرچنٹ کو مارچ میں دہشتگردی کی بین الاقوامی سازش اور معاوضے کے عوض قتل کی کوشش کے الزامات میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔ استغاثہ کا الزام تھا کہ اس نے ڈونلڈ ٹرمپ، سابق صدر جو بائیڈن اور اقوام متحدہ میں امریکا کی سابق سفیر نکی ہیلی کو نشانہ بنانے کے لیے مبینہ قاتلوں کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم یہ افراد دراصل ایف بی آئی کے خفیہ اہلکار تھے۔

نیویارک کی وفاقی عدالت کے جج ایرک راس کومیتی نے منگل کو 330 ماہ قید یعنی 27 سال اور 6 ماہ کی سزا سنائی۔

عدالت میں آصف مرچنٹ نے دعویٰ کیا کہ وہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کی ہدایات پر کام کر رہا تھا اور اس منصوبے کا مقصد 2020 میں امریکی حملے کے دوران ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینا تھا۔

استغاثہ کے مطابق مرچنٹ 15 مرتبہ ایران گیا، جہاں اس کا رابطہ پاسدارانِ انقلاب کے ایک اہلکار سے ہوا اور اسے ایرانی انٹیلی جنس سے تربیت بھی ملی بعد ازاں وہ اپریل 2024 میں امریکا پہنچا۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق اس نے ایف بی آئی کے خفیہ اہلکاروں کو ابتدائی طور پر 5 ہزار ڈالر ادا کیے۔ اسے جولائی 2024 میں ٹیکساس سے گرفتار کیا گیا جب وہ امریکا چھوڑنے کی تیاری کر رہا تھا۔

مرچنٹ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ اسے ایران میں موجود اپنے اہل خانہ کے حوالے سے دھمکیوں کے باعث اس منصوبے میں شامل ہونے پر مجبور کیا گیا۔ اس کا کہنا تھا کہ اسے توقع تھی کہ کسی کو نقصان پہنچنے سے پہلے اسے گرفتار کرلیا جائے گا اور وہ امریکی حکام سے تعاون کرنا چاہتا تھا۔

امریکی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانچ نے فیصلے پر کہا کہ امریکی قیادت کے خلاف غیر ملکی سازشوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Related Posts