بیرون ملک نوکری کے نام پر لوٹنے کا نیا طریقہ؟ فراڈ سے بچنے کے طریقے جان لیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے جعلی ملازمتوں کی پیشکش کے ذریعے ہونے والے ممکنہ فراڈ سے خبردار کیا ہے۔

ادارے نے ایسی چار نمایاں علامات کی نشاندہی کی ہے جنہیں نظر انداز کرنا شہریوں کو مالی نقصان اور ذاتی دستاویزات کے غلط استعمال کے خطرے سے دوچار کرسکتا ہے۔

ادارے کے مطابق بیرون ملک اچھی ملازمت حاصل کرنے کی خواہش میں کسی بھی پُرکشش پیشکش پر فوری اعتماد نہیں کرنا چاہیے۔ بالخصوص رقم جمع کروانے یا پاسپورٹ کسی کے حوالے کرنے سے پہلے ملازمت اور متعلقہ کمپنی کی مکمل تصدیق ضروری ہے۔

جعلی غیر ملکی ملازمت کی پیشکش کی 4 اہم نشانیاں

1۔ معمولی کام کے بدلے غیر معمولی تنخواہ کا وعدہ

اگر کسی کم مہارت یا محدود تجربے والے کام کے لیے مارکیٹ کے معمول کے مقابلے میں کہیں زیادہ تنخواہ، اضافی مراعات اور فوری بھرتی کی پیشکش کی جائے تو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

ایسی صورت میں ملازمت کی نوعیت، مطلوبہ تعلیمی قابلیت، تجربے اور غیر معمولی تنخواہ کی وجوہات کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کریں۔ محض زیادہ آمدنی کے لالچ میں بغیر تحقیق فیصلہ نہ کریں۔

2۔ درخواست یا انٹرویو کے بغیر اچانک جاب آفر ملنا

اگر آپ نے کسی کمپنی میں ملازمت کے لیے درخواست نہیں دی، اپنا سی وی نہیں بھیجا اور نہ ہی کسی انٹرویو میں شرکت کی لیکن اچانک فون کال، واٹس ایپ یا سوشل میڈیا کے ذریعے بیرون ملک ملازمت کی پیشکش موصول ہوجائے تو اسے سنجیدگی سے جانچنے کی ضرورت ہے۔

ایسی پیشکش قبول کرنے سے پہلے کمپنی کے وجود، بھرتی کرنے والے شخص کی شناخت اور ملازمت کی تفصیلات کی آزادانہ ذرائع سے تصدیق کریں۔

3۔ کمپنی کی خوب صورت ویب سائٹ، لیکن اصل شناخت مشکوک

کسی کمپنی کی اچھی ویب سائٹ، لوگو یا پرکشش اشتہار اس بات کی ضمانت نہیں کہ وہ واقعی مستند ادارہ ہے۔

اگر کمپنی کے دفتر کا قابل تصدیق پتہ، ذمہ دار افراد کی تفصیلات اور کاروباری سرگرمیوں کے بارے میں واضح معلومات دستیاب نہ ہوں تو مزید تحقیق کیے بغیر آگے نہ بڑھیں۔

کمپنی سے اس کے مستند رابطہ ذرائع کے ذریعے براہ راست رابطہ کرکے ملازمت کی پیشکش کی تصدیق کریں۔ صرف اسی شخص کے فراہم کردہ فون نمبر یا رابطے پر انحصار نہ کریں جس نے آپ کو جاب آفر بھیجی ہے۔

4۔ پروسیسنگ کے نام پر پاسپورٹ اپنے قبضے میں رکھنے کا مطالبہ

اگر کوئی ایجنٹ یا بھرتی کرنے والا ادارہ پروسیسنگ کے نام پر آپ کا پاسپورٹ اپنے پاس رکھنے پر اصرار کرے لیکن اس کی واضح وجہ نہ بتائے یا باقاعدہ رسید دینے سے گریز کرے تو یہ تشویش کی بات ہوسکتی ہے۔

اگر کسی قانونی کارروائی کے لیے پاسپورٹ جمع کرانا ناگزیر ہو تو پہلے متعلقہ ادارے کی تصدیق کریں اور پاسپورٹ جمع کرواتے وقت اس کا نمبر، وصولی کی تاریخ، جمع کرانے کا مقصد، وصول کنندہ کے دستخط اور ادارے کی مہر والی رسید لازمی حاصل کریں۔

بیورو کے مطابق ان میں سے کسی ایک علامت کا موجود ہونا لازمی طور پر فراڈ کا ثبوت نہیں، تاہم یہ ایسی صورت حال ضرور ہے جس میں مکمل تصدیق کیے بغیر کوئی قدم نہیں اٹھانا چاہیے۔

بیرون ملک ملازمت کے دوران رقم اور دستاویزات کیسے محفوظ رکھیں؟

بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو اپنی رقم، پاسپورٹ اور دیگر اہم دستاویزات محفوظ رکھنے کے لیے چند احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔

کسی ریکروٹنگ ایجنسی کے ذریعے ملازمت حاصل کرتے وقت اس کے لائسنس اور متعلقہ جاب کے اجازت نامے کی تصدیق ضرور کریں۔

غیر ملکی آجر، ملازمت کے ملک، پیشے، تنخواہ، ڈیوٹی کے اوقات اور دیگر مراعات کی مکمل تفصیلات تحریری صورت میں حاصل کریں۔

اگر کوئی ایجنٹ فوری رقم جمع کرانے کے لیے دباؤ ڈالے یا یہ کہے کہ ابھی ادائیگی نہ کی تو ملازمت کا موقع ہاتھ سے نکل جائے گا تو جلد بازی سے گریز کریں۔

ہر ادائیگی کے عوض باقاعدہ رسید حاصل کریں اور اپنا پن، پاس ورڈ یا ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔

کسی مشکوک ملازمت کی پیشکش کی صورت میں اشتہار، پیغامات، فون نمبرز اور ادائیگی سے متعلق ثبوت محفوظ رکھیں اور متعلقہ ادارے کو شکایت درج کرائیں۔

ادارے نے اہل خانہ کو بھی مشورہ دیا ہے کہ بیرون ملک ملازمت کے لیے رقم فراہم کرنے سے پہلے پیشکش کی تصدیق میں اپنا کردار ادا کریں جبکہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کو بھی غیر مصدقہ ملازمتوں کے اشتہارات اور پیشکشوں کی تشہیر سے گریز کرنا چاہیے۔

Related Posts