پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے قومی ٹیم کے ابھرتے ہوئے بلے باز سعود شکیل کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
ورلڈکپ کے پہلے میچ میں نیدرلینڈز سے 81 رنز سے فتح حاصل کرنے کے بعد پی سی بی نے اس میچ کے دو ٹاپ اسکورر رضوان اور مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کی ویڈیو جاری کی۔
ویڈیو میں محمد رضوان کا کہنا تھا کہ یہ جیت ہمارے لیے بڑی ضروری تھی، مجھے جہاں رنز بنانے کا موقع ملتا ہے وہاں رنز بنانے کی کوشش کرتا ہوں، پھر چاہے وہ پہلی گیند ہو یا دوسری اس کی ٹینشن نہیں لیتا۔یہ کانفیڈنس ہمیں آگے آنے والے میچز میں کافی کام آئے گا۔
رضوان نے کہا کہ سب کے ذہن میں یہ بات تھی کہ ابھی ہمارا ٹاپ آرڈر پرفارم نہیں کر رہا، پچھلے ایک دو سالوں سے ٹاپ آرڈر کی پرفارمنس کی وجہ سے نمبر ون بنے تھے، جو لوگ کہتے تھے کہ ہمارا مڈل آرڈر پرفارم نہیں کر رہا تو شاید اللہ تعالی نے یہ ٹیسٹ کرنا تھا مڈل ارڈر کو۔
رضوان نے سعود شکیل سے متعلق کہا سعود جس محنت سے آیا ہے وہ اپنی محنت اور فٹنس کو برقرار رکھے گا تو آنے والے دنوں میں پاکستان کا اسٹار ہوگا۔
سعود کی گیم سے اویئرنس دیکھ کرمجھے اچھا لگا، جیسے سعود نے آف اسپنر کو نکل کر چوکا مارا اس کو دیکھ کر لگا کہ سعود کی گیم اویئرنس بھی اچھی ہے۔