اے ٹی ایم کارڈ پھنسنے کا سنا تھا مگر یہاں نوجوان ہی پھنس گیا! دیکھیں ویڈیو اور جانیں معاملہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

جدید ٹیکنالوجی اور خودکار نظام اکثر اوقات سہولت کے بجائے کس قدر دردِ سر بن سکتے ہیں اس کا تازہ ترین اور انوکھا منظر فیصل آباد کی گلبرگ روڈ پر دیکھنے میں آیا ہے جہاں اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے والا ایک شہری اے ٹی ایم بوتھ کے اندر ہی ایسا پھنسا کہ گھڑی کی سوئیاں گھومتی رہیں مگر باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہ بچا۔

اس دلچسپ مگر پریشان کن واقعے کی تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے گلبرگ روڈ پر محسن نامی ایک شہری رقم نکلوانے کے لیے ایک نجی بینک کے اے ٹی ایم بوتھ میں داخل ہوا۔ اندر قدم رکھتے ہی اس نے معمول کے مطابق حفاظت کی غرض سے پہلا دروازہ اندر سے لاک کر لیا۔ اس نے سکون کے ساتھ اپنی مطلوبہ رقم اے ٹی ایم مشین سے نکالی لیکن جیسے ہی اس نے لاک کھولنے کی کوشش کی تو وہ یکدم فری ہو گیا اور دروازے کا لاک کھولنے میں ناکام ثابت ہوا۔

ہیلپ لائن کا غیر ذمہ دارانہ جواب اور شہریوں کا ریسکیو

مشین اور دروازے کے اس تکنیکی فالٹ نے بیچارے محسن کو پورے دو گھنٹے تک اسی اے ٹی ایم بوتھ کے اندر قید تنہائی میں مبتلا رکھا۔ پریشانی کے عالم میں محسن نے فوری طور پر بینک کی ہیلپ لائن پر رابطہ کرکے اپنی صورتحال سے آگاہ کیا مگر دوسری طرف سے ملنے والا جواب انتہائی مایوس کن تھا جہاں اسے مشورہ دیا گیا کہ وہ مدد کے لیے صبح تک انتظار کرے۔

جب ہیلپ لائن سے بھی کوئی فوری امداد نہ پہنچی تو باہر جمع ہونے والے نجی شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت جرات کا مظاہرہ کیا اور دروازہ توڑ کر محسن کو اس کی دو گھنٹے طویل قید سے بحفاظت باہر نکالا۔ باہر آنے کے بعد اس پورے واقعے سے تنگ آ کر شہری نے اپنی اس عجیب و غریب آپ بیتی کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی جو اب تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

Related Posts