سردی کی شدت میں اضافے اور موسمِ سرما کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں مختلف متعدی اور موسمی بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ گیا ہے جس کے پیشِ نظر قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے تین اہم ہنگامی ایڈوائزریز جاری کر دی ہیں۔
قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ انتباہ میں کہا گیا ہے کہ درجہ حرارت میں گراوٹ اور اسموگ کی صورتحال کے باعث موسمی فلو (انفلوئنزا) کے پھیلنے کے امکانات نمایاں طور پر بڑھ گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سرد موسم میں خسرہ، خناق، کالی کھانسی اور تشنج جیسی خطرناک بیماریوں کے پھیلاؤ کا بھی شدید اندیشہ ہے۔
ایڈوائزری میں شہریوں اور طبی عملے کو خبردار کیا گیا ہے کہ سرد موسم اور فضائی آلودگی کے باعث سانس اور دل کے امراض میں مبتلا افراد کی پیچیدگیوں اور خطرات میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے، اس لیے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ناگزیر ہے۔
قومی ادارہ صحت نے ملک بھر کے وفاقی و صوبائی محکمہ صحت، سرکاری و نجی اسپتالوں اور تشخیصی لیبارٹریز کو ہنگامی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان بیماریوں کی موثر روک تھام، کڑی نگرانی اور بروقت تشخیص کے لیے تمام تر حفاظتی و طبی اقدامات ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائے جائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








