کراچی کے پوش علاقوں میں گھروں میں ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث مبینہ ہائی پروفائل ہاؤس رابری گینگ کو قانون کی گرفت میں لے لیا گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر عمران خان نے پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گرفتار ہونے والا گروہ جوہر آباد، ڈیفنس اور خواجہ اجمیر نگری سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں گھروں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں سرگرم رہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا گیا ہے جس میں طلائی زیورات، 20 موبائل فونز، اسلحہ، ایک کار اور موٹرسائیکل شامل ہیں۔
حراست میں لیے گئے ملزمان کی شناخت محمد شعیب ولد شاد محمد، اعجاز ولد مسر خان، سمیر ولد دلشاد، رؤف ولد زرگل حاجی، منیر خان ولد مقدر خان، ابراہیم ولد گل رحمان اور دانش علی ولد محمد عرس کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل نے مزید انکشاف کیا کہ گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں جو اس سے قبل بھی مختلف مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل کی ہوا کھا چکے ہیں تاہم ملزمان کے دیگر جرائم اور وارداتوں کا سراغ لگانے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








