موسم میں خنکی بڑھتے ہی نزلہ، زکام، کھانسی اور گلے کی خراش جیسی شکایات عام ہونے لگی ہیں۔ وائرل انفیکشن کے باعث ہونے والی یہ علامات نہ صرف روزمرہ معمولات کو متاثر کرتی ہیں بلکہ بعض اوقات نیند اور آرام میں بھی خلل ڈالتی ہیں۔ ایسے میں چند قدرتی اجزا پر مشتمل گھریلو ٹوٹکے عارضی سکون فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
شہد، ادرک، کالی مرچ اور لیموں کو روایتی طور پر موسمی بیماریوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ ان اجزا میں موجود بعض قدرتی مرکبات صحت کے لیے مفید ہوسکتے ہیں، تاہم یہ وائرل انفیکشن کا باقاعدہ علاج نہیں اور نہ ہی بیماری کو فوری ختم کرنے کی ضمانت دیتے ہیں۔
شہد اور کالی مرچ کا آمیزہ
کھانسی اور گلے کی خراش میں وقتی آرام کے لیے ایک چمچ نیم گرم شہد میں تھوڑی سی پسی ہوئی کالی مرچ ملا کر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ شہد گلے کو نرم کرنے اور کھانسی کی شدت کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے جبکہ کالی مرچ روایتی طور پر اس طرح کے گھریلو نسخوں میں شامل کی جاتی ہے۔
ادرک، شہد اور لیموں کا مشروب
ایک اور روایتی نسخے میں باریک پسی ہوئی ادرک، ایک چائے کا چمچ شہد، تھوڑی سی کالی مرچ اور ایک چمچ لیموں کا رس شامل کرکے اچھی طرح مکس کیا جاتا ہے۔ ادرک میں ایسے قدرتی مرکبات پائے جاتے ہیں جن میں سوزش کم کرنے کی خصوصیات ہوسکتی ہیں جبکہ لیموں وٹامن سی کا ذریعہ ہے۔ شہد گلے کی خراش اور کھانسی میں عارضی سکون دے سکتا ہے۔
احتیاط بھی ضروری ہے
نزلہ، زکام اور کھانسی کے دوران مناسب آرام، پانی اور دیگر مشروبات کا استعمال اہم ہے۔ اگر بخار مسلسل برقرار رہے، سانس لینے میں دشواری ہو یا علامات شدت اختیار کرلیں تو فوری طبی مشورہ لینا چاہیے۔
نوٹ: اس معلوماتی مضمون میں بیان کردہ گھریلو نسخے عمومی معلومات اور روایتی استعمال پر مبنی ہیں، انہیں کسی بیماری کے باقاعدہ علاج یا طبی مشورے کا متبادل نہ سمجھا جائے۔ کسی بھی نسخے کے استعمال سے قبل اپنی صحت کی کیفیت کو مدنظر رکھیں اور علامات برقرار رہنے یا شدت اختیار کرنے کی صورت میں مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ یاد رہے کہ ایک سال سے کم عمر بچوں کو شہد ہرگز نہ دیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








