پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے سینٹرل کنٹریکٹس میں محمد رضوان اور صائم ایوب کو شامل نہ کرنے کی وجوہات سامنے آگئی ہیں۔
پی سی بی نے مختلف فارمیٹس اور ڈیویلپمنٹ کیٹیگری میں مجموعی طور پر 38 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا اعلان کیا ہے۔
چیف سلیکٹر عاقب جاوید کے مطابق محمد رضوان نے پاکستان کرکٹ کے لیے اہم خدمات انجام دی ہیں اور حالات سازگار ہونے پر ان کی سلیکشن پر غور کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ بابر اعظم اور سلمان علی آغا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے باہر نہیں ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ اور ٹیم سلیکشن الگ معاملات ہیں، اچھی کارکردگی دکھانے والا کوئی بھی کھلاڑی قومی ٹیم میں جگہ بنا سکتا ہے۔
عاقب جاوید نے مزید کہا کہ فارمیٹ کی بنیاد پر معاہدے دینے کا مقصد کھلاڑیوں کو اپنی مخصوص طرز کی کرکٹ پر توجہ دینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
پی سی بی کی جاری کردہ فہرست کے مطابق بابر اعظم اور سلمان علی آغا کو ٹیسٹ اور ون ڈے کنٹریکٹس دیے گئے ہیں، جبکہ ٹیسٹ کیٹیگری میں اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل شامل ہیں۔
ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کیٹیگری میں ابرار احمد، فخر زمان، فہیم اشرف، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور عرفات منہاس کو جگہ دی گئی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی کنٹریکٹ حاصل کرنے والوں میں حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان اور عثمان طارق شامل ہیں۔
دوسری جانب مستقبل کے کھلاڑیوں کی تیاری کے لیے ڈیویلپمنٹ کیٹیگری بھی متعارف کروائی گئی ہے جس میں نوجوان کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق اس اقدام کا مقصد قومی کرکٹ کے لیے نئے ٹیلنٹ کو آگے لانا اور مختلف فارمیٹس میں کھلاڑیوں کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








