خیبرپختونخوا کے ضلع سوات اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے باعث علاقہ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 4.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 180 کلومیٹر تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز کوہِ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔
جھٹکے محسوس ہوتے ہی متاثرہ علاقوں کے شہری خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دکانوں اور عمارتوں سے کھلے مقامات کی جانب نکل آئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خوش قسمتی سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ دو روز کے دوران سوات اور ملحقہ علاقوں میں زلزلے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 19 نومبر 2026 زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 4.5 اور زیرِ زمین گہرائی 216 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ اس زلزلے کا مرکز بھی کوہِ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ ہی تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








