پاکستان میں نئی آٹو پالیسی کے تحت 660 سی سی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے جبکہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی اجازت سے مقامی مارکیٹ میں مختلف اقسام کی گاڑیوں کی دستیابی بھی بڑھنے کا امکان ہے۔
آل پاکستان کار ڈیلرز اینڈ امپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں شعیب نے بتایا کہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی اجازت حاصل کرنے کے لیے طویل عرصے سے کوششیں جاری تھیں جن کے نتیجے میں اب الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد کی راہ بھی ہموار ہوگئی ہے۔
میاں شعیب کے مطابق نئی آٹو پالیسی کے تحت 660 سی سی گاڑیوں کی قیمتیں کم ہونے کی توقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کار ڈیلرز ایسوسی ایشن باقاعدہ طور پر ٹریڈ باڈی کا حصہ ہے تاہم کمرشل بنیادوں پر گاڑیوں کی درآمد کے معاملے میں بیوروکریسی کی جانب سے مسلسل مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔
ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے مزید بتایا کہ کمرشل امپورٹ کے تحت تمام بینکوں کے ذریعے گاڑیاں درآمد کی جاسکیں گی۔ ان کے بقول اس اقدام سے پاکستانی آٹو مارکیٹ میں گاڑیوں کے مزید ماڈلز اور اقسام متعارف ہوں گی جس سے صارفین کو اپنی ضروریات اور پسند کے مطابق انتخاب کے زیادہ مواقع میسر آئیں گے۔
میاں شعیب نے واضح کیا کہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد کا آٹو پالیسی سے براہ راست تعلق نہیں ہے تاہم انہوں نے کہا کہ درآمد سے قبل متعلقہ گاڑیوں کے لیے مقرر کردہ حفاظتی معیارات پر پورا اترنا اور پری شپمنٹ انسپکشن (درآمد سے قبل معائنہ) کی منظوری حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








