محافظ ہی قاتل نکلے! سابق وزیر مملکت کو قتل کرکے کروڑوں لوٹنے والے 3 ملزمان مالاکنڈ سے گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پنجاب پولیس نے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے سابق وزیر مملکت چوہدری لیاقت عباس بھٹی کے قتل کی واردات میں ملوث تین اہم ملزمان کو خیبر پختونخوا کے علاقے مالاکنڈ سے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان میں مقتول کا سابق ذاتی سیکیورٹی گارڈ بھی شامل ہے جبکہ ملزمان کے قبضے سے لوٹی گئی تین قیمتی گاڑیاں اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور مقتول کی گاڑیوں میں نصب سیکیورٹی ٹریکنگ سسٹم کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے حافظ آباد منتقل کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ 18 اور 19 نومبر کی درمیانی شب حافظ آباد میں کسوکی بائی پاس کے قریب واقع عباس پیٹرول فلنگ اسٹیشن سے ملحقہ رہائش گاہ پر لیاقت عباس بھٹی کو مبینہ طور پر ان کے ذاتی محافظوں نے ڈکیتی کے دوران رسی سے گلا گھونٹ کر قتل کر دیا تھا۔ ابتدائی تفتیش اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتول کے گلے پر پھندے کے واضح نشانات پائے گئے جبکہ ملزمان واردات کے بعد لاش پر کمبل ڈال کر اور پمپ سے گاڑیوں کی ٹینکیاں فل کروا کر فرار ہو گئے تھے۔

مقتول کے بھتیجے اور رکن پنجاب اسمبلی ضمیر الحسن بھٹی کی مدعیت میں تھانہ سٹی حافظ آباد میں چار ذاتی گارڈز سمیت 11 ملزمان کے خلاف قتل اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان جاتے ہوئے گھر سے دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کا 50 تولے سونا، 20 لاکھ روپے نقد، ذاتی اسلحہ اور تین قیمتی گاڑیاں (لینڈ کروزر، پراڈو اور ویگو ڈالا) لوٹ کر لے گئے تھے۔

سیاسی پس منظر کے اعتبار سے لیاقت عباس بھٹی کا تعلق پنڈی بھٹیاں کے معروف بھٹی خاندان سے تھا۔ وہ مسلم لیگ (ق) کے ٹکٹ پر 2002 اور 2008 میں حافظ آباد سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور وزیر مملکت کے عہدے پر فائز رہے۔ وہ سابق ایم این اے مہدی حسن بھٹی کے بھائی اور رکن قومی اسمبلی انیقہ مہدی کے چچا تھے۔

Related Posts