موٹر سائیکل کا فی لیٹر پیٹرول 322 روپے کا مگر جہاز کا صرف 288 روپے میں دستیاب

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا گیا ہے پیٹرول، مٹی کے تیل، لائٹ ڈیزل اور جہازوں کے ایندھن کی قیمتوں میں کمی کردی گئی تاہم ڈیزل مہنگا ہوگیا جبکہ دلچسپ بات یہ ہے کہ نئی قیمتوں کے بعد جہازوں میں استعمال ہونے والا جیٹ فیول موٹر سائیکلوں میں استعمال ہونے والے پیٹرول سے بھی سستا ہوگیا ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 322 روپے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔

دوسری جانب ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 357 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

حکومت نے طیاروں کے ایندھن، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی کردی ہے۔

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں 12 روپے 6 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 287 روپے 71 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ اس سے قبل جیٹ فیول 299 روپے 77 پیسے فی لیٹر میں دستیاب تھا۔

اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 42 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 273 روپے 22 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔

لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 11 روپے 44 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 220 روپے 28 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

جیٹ فیول کی نئی قیمتوں کا اطلاق 21 نومبر سے کردیا گیا ہے جبکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 23 نومبر تک کار آمد رہے گی۔

Related Posts