شہریوں کو جال میں پھنسا کر لاکھوں بٹورنے کا انکشاف! ہنی ٹریپ گینگ قانون کے شکنجے میں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے ملتان میں مبینہ ہنی ٹریپ اور سائبر بلیک میلنگ کے ذریعے شہریوں سے رقم بٹورنے والے گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔

این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر جعلی سوشل میڈیا پروفائلز کے ذریعے شہریوں سے رابطے کرتے، تعلقات قائم کرنے کے بعد گفتگو واٹس ایپ پر منتقل کرتے اور ویڈیو کالز کے ذریعے نجی تصاویر اور ویڈیوز حاصل کرتے تھے بعد ازاں اسی مواد کی بنیاد پر متاثرین کو بلیک میل کرکے رقم طلب کی جاتی تھی جبکہ گروہ نے مبینہ طور پر لاکھوں روپے وصول کیے۔

اطلاع پر این سی سی آئی اے ٹیم نے نواں پور روڈ، بستی صالح ماہے میں چھاپہ مار کر دل حسن، عمر سعید اور عمیر حسن کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 3 موبائل فون برآمد ہوئے جن میں واٹس ایپ اکاؤنٹس، تصاویر، ویڈیوز اور دیگر ڈیجیٹل مواد موجود تھا جس کا فرانزک تجزیہ جاری ہے۔

تفتیش میں محمد فرحان، سہیل عرف لولی، زاہد ہراج اور شاہد ہراج سمیت دیگر افراد کے ممکنہ روابط بھی سامنے آئے ہیں۔ این سی سی آئی اے نیٹ ورک کے مزید ارکان، استعمال ہونے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس، مالی لین دین اور ممکنہ متاثرین کا سراغ لگا رہی ہے۔

این سی سی آئی اے پنجاب کے ڈائریکٹر محمد علی وسیم نے کہا ہے کہ ہنی ٹریپ اور سائبر بلیک میلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔ حکام نے شہریوں کو نامعلوم افراد کے ساتھ نجی معلومات، تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے وقت محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

Related Posts