پاکستان اور پرتگال نے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا شرائط سے باہمی استثنیٰ کا معاہدہ کر لیا ہے جسے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں وزارتِ خارجہ کے دفتر میں منعقد ہوئی جہاں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور پرتگال کے وزیر مملکت و وزیر خارجہ پاؤلو رینجل نے اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے دستاویز پر دستخط کیے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق اس معاہدے کا مقصد پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور دوطرفہ سفارتی روابط کو فروغ دینا ہے۔
معاہدے پر عمل درآمد سے دونوں ممالک کے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو باہمی ویزا شرائط سے استثنیٰ حاصل ہوگا جس سے اعلیٰ سطح کے سرکاری دوروں اور سفارتی وفود کی آمدورفت میں آسانی پیدا ہوگی۔
حکام کے مطابق یہ اقدام پاکستان اور پرتگال کے درمیان تعاون، رابطوں اور باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








