کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں چھ منزلہ نو تعمیر عمارت اچانک زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے ایک شخص کی لاش نکال کر اسپتال منتقل کردی جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے قریبی اسپتال روانہ کیا گیا۔
عمارت گرنے کے باعث اس کے ملبے تلے متعدد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے دب جانے کی بھی اطلاعات ہیں جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق منہدم ہونے والی عمارت کی تعمیر تقریباً دو ہفتے قبل ہی مکمل ہوئی تھی۔ اتنی کم مدت میں نئی عمارت کے زمین بوس ہونے پر تعمیراتی معیار اور ممکنہ وجوہات سے متعلق سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
واقعے کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین متعلقہ حکام کی تحقیقات کے بعد ہی ہوسکے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








