نواز شریف نون لیگ سے بھی فارغ؟ قیادت مریم نواز سنبھالیں گی؟ چل کیا رہا ہے پارٹی میں؟

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان مسلم لیگ (ن) میں قیادت کی تبدیلی کے حوالے سے اندرونی مشاورت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ سینئر تجزیہ کار محمد مالک نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی کے اندر ایک گروپ مریم نواز کو نواز شریف کی جگہ پارٹی صدر بنانے کے لیے سرگرم ہے تاہم اس تجویز کو نواز شریف کے قریبی حلقوں کی مخالفت کا سامنا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد مالک کا کہنا تھا کہ مذکورہ گروپ مریم نواز کو پارٹی کی قیادت سونپنے کا خواہاں ہے تاکہ وہ مستقبل میں قومی سیاست میں مزید اہم کردار ادا کرسکیں۔

تجزیہ کار کے مطابق اس نوعیت کی کوشش تقریباً سات سے آٹھ ماہ قبل بھی کی گئی تھی تاہم اس وقت یہ معاملہ آگے نہیں بڑھ سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے تاحال اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

محمد مالک نے یہ بھی بتایا کہ پارٹی میں مریم نواز کے ممکنہ طور پر 2029 کے انتخابات میں حصہ لینے کی صورت میں پنجاب میں ان کی جگہ قیادت کون سنبھالے گا، اس معاملے پر بھی گفتگو جاری ہے۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ پارٹی کے بعض حلقوں میں قیادت کی تبدیلی اور نئے صوبوں کے قیام جیسے سیاسی معاملات پر بھی مختلف آرا زیرِ بحث ہیں۔

واضح رہے کہ مریم نواز کو پارٹی صدر بنانے سے متعلق یہ اطلاعات محمد مالک کے تجزیے اور دعوؤں پر مبنی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تاحال کسی حتمی فیصلے کا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

Related Posts