پاکستان، بھارت اور جنوبی افریقا نشانے پر! عثمان خواجہ کے بال ٹیمپرنگ سے متعلق دعوے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق اہم دعوے کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دور میں آسٹریلیا کے علاوہ پاکستان، بھارت اور جنوبی افریقا کی ٹیموں میں بھی گیند کی حالت سے چھیڑ چھاڑ کی جاتی تھی۔

پوڈکاسٹ پروگرام دی گریڈ کرکٹر میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ نے انکشاف کیا کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ سے قبل آسٹریلوی ٹیم میں بھی بال ٹیمپرنگ کو غیر معمولی عمل نہیں سمجھا جاتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جب کیمرون بینکرافٹ سینڈ پیپر لے کر میدان میں جانے والے تھے تو انہوں نے انہیں روکنے کے بجائے صرف احتیاط برتنے کا مشورہ دیا تھا۔ خواجہ کے مطابق انہیں خدشہ تھا کہ بارش کے دوران گیند کی غیر معمولی سوئنگ امپائرز کی توجہ حاصل کرسکتی ہے۔

عثمان خواجہ نے اپنی کتاب صبر کا حوالہ دیتے ہوئے جنوبی افریقی کھلاڑیوں پر بھی ایسے عمل میں ملوث ہونے کے دعوے کیے اور فاسٹ بولر کگیسو ربادا کی ریورس سوئنگ کا ذکر کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے خلاف میچز میں بھی انہوں نے گیند کی حالت تبدیل کرکے ریورس سوئنگ حاصل کرنے کی کوششیں دیکھی تھیں تاہم انہوں نے ان دعوؤں کے حق میں کوئی مخصوص ثبوت یا واقعہ پیش نہیں کیا۔

واضح رہے کہ مارچ 2018 میں کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سامنے آنے پر آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو پابندیوں اور سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Related Posts