فائٹر پائلٹ سے خلا باز تک! جانیں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کون ہیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان ایئر فورس کے ونگ کمانڈر اور فائٹر پائلٹ محمد ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچ گئے ہیں جہاں وہ سائنسی اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ وہ زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی خلا باز بن گئے ہیں جبکہ پاکستان نیوی سے تعلق رکھنے والے کمانڈر خرم داؤد اس تاریخی خلائی مشن کے لیے متبادل خلا باز نامزد کیے گئے تھے۔

چین کے شینژو 24 خلائی مشن کے ذریعے یہ تاریخی کامیابی پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔ اس مشن کے لیے محمد ذیشان علی کو بنیادی خلا باز جبکہ خرم داؤد کو متبادل خلا باز کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔

محمد ذیشان علی کون ہیں؟

محمد ذیشان علی پاکستان ایئر فورس کے 40 سالہ سابق فوجی پائلٹ ہیں اور ان کا تعلق پنجاب کے شہر سرگودھا سے ہے۔ وہ پاکستان کے ان دو امیدواروں میں شامل تھے جنہیں اپریل 2026 میں پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو اور چین کی انسان بردار خلائی ایجنسی کے مشترکہ پروگرام کے تحت خلا بازوں کی تربیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔

انتخاب کے بعد انہوں نے چین کے خلائی مرکز میں تقریباً سات ماہ پر مشتمل خصوصی تربیت حاصل کی۔ اس دوران انہیں خلائی جہاز کے نظام، خلائی پرواز کے مختلف مراحل، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، جسمانی استعداد برقرار رکھنے اور سائنسی تجربات سے متعلق عملی تربیت دی گئی۔

تربیت کا ایک اہم حصہ چینی زبان سیکھنا بھی تھا تاکہ وہ چینی خلا بازوں کے ساتھ بہتر رابطہ قائم کرنے اور خلائی اسٹیشن پر اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دینے کے قابل ہوسکیں۔

خلائی اسٹیشن پر ذیشان علی کی ذمہ داریاں کیا ہوں گی؟

محمد ذیشان علی تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ قیام کریں گے جہاں ان کی بنیادی ذمہ داری مختلف سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لینا ہوگی۔

اس مقصد کے لیے پاکستانی جامعات اور تحقیقی اداروں کی جانب سے پیش کی جانے والی 300 سے زائد تجاویز میں سے چار تحقیقی منصوبوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

ان تجربات کا تعلق بائیوٹیکنالوجی، غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور خلائی ماحول میں حیاتیاتی نظام کے رویوں سے ہے۔ ان میں ضیائی تالیف کرنے والے خردبینی جانداروں پر تحقیق بھی شامل ہے، جس سے مستقبل کے طویل مدتی خلائی مشنز میں خوراک اور آکسیجن کی فراہمی کے امکانات کا جائزہ لینے میں مدد مل سکتی ہے۔

واضح رہے کہ ذیشان علی اس مشن میں خلائی جہاز کے پائلٹ یا کمانڈر کی حیثیت سے نہیں بلکہ پے لوڈ اسپیشلسٹ یعنی سائنسی تجربات کے ماہر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

خرم داؤد کون ہیں؟

محمد ذیشان علی کے ساتھ خلائی تربیت حاصل کرنے والے دوسرے پاکستانی امیدوار خرم داؤد ہیں جن کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔ وہ پاکستان نیوی کے تجربہ کار فوجی ہوا باز ہیں اور فضائی آپریشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔

خرم داؤد نے اپنے عسکری کیریئر کے دوران پی تھری سی اورائن (P-3C Orion) طیارے پر پائلٹ اور مشن اسپیشلسٹ کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کیں۔ یہ طیارہ طویل فاصلے تک سمندری نگرانی اور آبدوزوں کا سراغ لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

فروری 2019 میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران خرم داؤد نے پاکستانی سمندری حدود کے قریب ایک بھارتی آبدوز کی موجودگی کا سراغ لگانے اور اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والے آپریشن میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس کارکردگی کے اعتراف میں اگست 2019 میں انہیں صدر پاکستان کی جانب سے تمغۂ بسالت سے نوازا گیا۔

ان کا فوجی اور فضائی آپریشنز کا تجربہ خلائی تربیت کے دوران بھی اہم ثابت ہوا۔ سخت جسمانی حالات، بلند رفتار پرواز اور مشکل آپریشنل ماحول میں کام کرنے کی صلاحیت نے انہیں خلائی مشن کے لیے درکار جسمانی اور پیشہ ورانہ معیار پر پورا اترنے میں مدد دی۔

خرم داؤد کا خلائی مشن میں کیا کردار ہے؟

اپریل 2026 میں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو چین میں خصوصی خلائی تربیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ دونوں نے خلائی جہاز کے نظام، ہنگامی حالات سے نمٹنے، بے وزنی کی کیفیت اور دیگر تکنیکی امور کی تربیت حاصل کی۔

بعد ازاں شینژو 24 مشن کے لیے محمد ذیشان علی کو بنیادی خلا باز اور خرم داؤد کو متبادل خلا باز مقرر کیا گیا۔

اگرچہ خرم داؤد اس مرتبہ خلائی پرواز کا حصہ نہیں بن سکے تاہم وہ پاکستان کے انسانی خلائی پرواز کے پروگرام کا اہم حصہ ہیں۔ ان کا تجربہ مستقبل میں پاکستانی خلا بازوں کی تربیت اور خلائی مشنز کی تیاری میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔

پاکستان کے لیے یہ کامیابی کیوں اہم ہے؟

محمد ذیشان علی کی خلائی اسٹیشن تک رسائی پاکستان کے خلائی پروگرام کی تاریخ میں ایک غیر معمولی پیش رفت ہے۔ اس سے نہ صرف پاکستان کی انسانی خلائی پرواز کے شعبے میں شمولیت ممکن ہوئی ہے بلکہ سائنسی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی خلائی تعاون کے نئے راستے بھی کھلے ہیں۔

پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کے تحت اس مشن کی تیاری دونوں ممالک کے درمیان سائنسی اور تکنیکی شراکت داری کا اہم مظہر ہے۔

اس سے قبل پاکستانی نژاد خاتون نمیرہ سلیم 2023 میں ورجن گیلیکٹک کے تجارتی مشن کے ذریعے خلا کا سفر کرنے والی پہلی پاکستانی بنی تھیں، تاہم محمد ذیشان علی زمین کے مدار میں داخل ہونے اور خلائی اسٹیشن تک پہنچنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔

یہ کامیابی پاکستان کے نوجوانوں، بالخصوص سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور خلائی تحقیق سے وابستہ طلبہ کے لیے نئی امید اور حوصلے کا باعث بن سکتی ہے۔

Related Posts