پاک چین دوستی خلاء تک! ذیشان علی کی خلائی پرواز پر تینوں سروسز چیفس کا خراج تحسین

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستانی خلاباز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے تاریخی خلائی سفر پر مسلح افواج نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس مشن میں کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں، انجینئرز اور پاکستان کے خلائی ادارے اسپارکو کی خدمات کو سراہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد ذیشان علی کا خلائی سفر پاکستان کی سائنسی اور تکنیکی ترقی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ کامیابی ملکی افرادی قوت کی صلاحیتوں، سائنسی مہارت اور تکنیکی استعداد کا واضح مظہر ہے۔

بیان کے مطابق پاک چین دوستی نے زمینی سرحدوں سے آگے بڑھتے ہوئے خلا کی وسعتوں تک رسائی حاصل کرلی ہے جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور سائنسی تعاون کی عکاسی کرتی ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ چینی خلائی اسٹیشن کے لیے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کا سفر پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے اور اس سے پاکستان کی سائنسی و تکنیکی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا موقع ملا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق مسلح افواج نے اس تاریخی خلائی مشن کی کامیاب لانچنگ پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دی ہے۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے بھی قوم سپارکو اور سائنسی برادری کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور خلائی مشن میں شریک تمام افراد کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

Related Posts