آج خلائی اسٹیشن، کل چاند! صدر، وزیراعظم کا پاکستانی نوجوانوں کے لیے بڑا پیغام

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کے تاریخی خلائی مشن پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے ملک کی سائنسی اور تکنیکی ترقی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ انسانی خلائی پرواز میں پاکستان کی شرکت پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے اور یہ کامیابی سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے قومی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے اسپارکو، سائنسدانوں اور انجینئرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے خلائی مشن میں شریک خلابازوں کی کامیاب واپسی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کا تعاون پاکستان کے خلائی پروگرام کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جبکہ اس مشن کے دوران ہونے والے سائنسی تجربات تحقیق کے نئے مواقع فراہم کریں گے۔

صدر مملکت نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے بڑھیں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ستاروں سے آگے کا سفر شروع کردیا ہے۔ یہ صرف ایک خلاباز نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں، نوجوان نسل اور سائنسدانوں کے خوابوں کا سفر ہے۔

وزیراعظم کے مطابق محمد ذیشان علی اور خرم داؤد نے بھرپور محنت اور لگن سے اپنی تربیت مکمل کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج پاکستانی خلائی اسٹیشن تک پہنچ سکتا ہے تو کل چاند تک بھی رسائی حاصل کرسکتا ہے۔

شہباز شریف نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ بڑے خواب دیکھیں، محنت جاری رکھیں اور پاکستان پر اعتماد رکھیں۔ انہوں نے پاک چین دوستی کو خلائی تعاون کے نئے مرحلے تک پہنچنے پر سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کو ترجیح دے رہی ہے۔

Related Posts