ملکی تاریخ کا یادگار دن! پہلا پاکستانی خلاء میں، اسپیس سینٹر میں شاندار استقبال

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

پاکستان کے خلائی سفر میں ایک تاریخی سنگ میل عبور کرلیا گیاجب پہلے پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کامیاب خلائی مشن کے ذریعے خلا میں پہنچ گئے۔ چینی خلائی مشن شین ژو 24 نے کامیابی سے پرواز مکمل کرتے ہوئے چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ کے ساتھ رابطہ قائم کرلیا جسے پاکستان اور چین کے سائنسی و خلائی تعاون میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چین کے جی چوان خلائی مرکز سے شین ژو 24 نے صبح 5 بج کر 18 منٹ پر اڑان بھری۔ مشن کو لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے ذریعے زمین کے مدار میں پہنچایا گیا جس کے بعد خلائی جہاز تقریباً ساڑھے تین گھنٹے کے سفر کے بعد تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے کامیابی کے ساتھ منسلک ہوگیا۔

اس تاریخی مشن میں محمد ذیشان علی کے ساتھ چین کے دو خلاباز بھی شامل ہیں۔ پاکستانی خلاباز بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ مشن کا حصہ ہیں اور وہ خلائی اسٹیشن پر قیام کے دوران مختلف سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔

مشن کے طے شدہ شیڈول کے مطابق تینوں خلاباز تقریباً ایک ہفتہ خلائی اسٹیشن پر گزاریں گے۔ اس دوران پاکستانی خلاباز کی شمولیت پاک چین خلائی تعاون کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

خلا میں روانگی سے قبل قوم کو سلام

محمد ذیشان علی نے خلائی جہاز میں سوار ہونے سے قبل پاکستانی قوم کو سلامی پیش کی جسے اس تاریخی موقع پر قومی فخر کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذیشان علی کا کہنا تھا کہ خلا کا یہ سفر صرف ان کے لیے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔ وہ خلا میں پاکستان کے عوام کے خواب اور امیدیں لے کر جا رہے ہیں۔

تاریخی مشن سے پہلے الوداعی تقریب

پاکستانی اور چینی خلابازوں کی روانگی سے قبل ایک خصوصی الوداعی تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے شرکت کی۔

یہ خلائی مشن پاکستان اور چین کے دیرینہ دوستانہ تعلقات میں سائنسی تعاون کے ایک نئے باب کی حیثیت رکھتا ہے جبکہ پاکستانی خلاباز کی خلا میں موجودگی ملک کے خلائی پروگرام اور مستقبل کی سائنسی تحقیق کے لیے ایک اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔

Related Posts