جھوٹی ایف آئی آر پر کم از کم 2 سال قید کی سزا پر عمل ہوگا۔آر پی او راولپنڈی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

بے بنیاد اور غلط ایف آئی آر پر 2 سال قید کی سزا ہوگی۔آر پی او راولپنڈی
بے بنیاد اور غلط ایف آئی آر پر 2 سال قید کی سزا ہوگی۔آر پی او راولپنڈی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

ریجنل پولیس افسر(آر پی او) راولپنڈی ڈاکٹر سہیل حبیب تاجک نے کہا ہے کہ جھوٹی اور بے بنیاد ایف آئی آرکے ذریعے جان بوجھ کر بے گناہ افراد کو نامزد کرنے پرکم از کم 2 سال قید کی سزا پر عمل درآمد کروایا جائے گا۔

راولپنڈی میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے آر پی او ڈاکٹر سہیل حبیب نے کہا کہ  کسی بھی جرم کے بعد اس کی ایف آئی آر درج نہ کرنا، اسے روزنامچہ رپورٹ تک محدود رکھنایا ایف آئی آر کے اندراج میں مقدمہ اور جرم کی نوعیت تبدیل کردینا ایک ناقابل معافی جرم ہے۔

گفتگو کے دوران آر پی او راولپنڈی نے کہا کہ چکوال، جہلم اور اٹک میں زمین سے متعلق تمام تر ریکارڈ یکجا کیا جارہا ہے اور راولپنڈی میں بھی جلد اس حوالے سے ڈیسک کا آغاز کیا جائے گا۔مری میں سیاحوں کے تحفظ کے لئے ”ٹورسٹ پروٹیکشن فورس“بنائی جا رہی ہے۔بدمعاشوں کی فہرست میں شامل تمام ملزمان گرفتار کر لئے گئے ہیں۔

پنچائت کے حوالے سے ڈاکٹر سہیل حبیب نے کہا کہ اگرچہ ہمارا قانون اس بات کی اجازت نہیں دیتا لیکن معاشرتی بگاڑ کو سدھارنے کے لئے پنجائت سسٹم بہترین چیز ہے۔ پنچائت تنازعہ حل  کمیٹیاں قائم کی جا رہی ہیں۔کراچی طرز پر سی پی ایس سی بھی قائم کر رہے ہیں۔مسائل تھانہ کی سطح پر حل کر نے کی کوشش کریں گے۔

فورس پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس فورس میں ہیرو اور ہیرے اب بھی موجود ہیں۔ ان کی جزا اور سزا کا فیصلہ ان کی کارکردگی سے مشروط رکھا جائے گا۔

میڈیا کی تعریف کرتے ہوئے آر پی او نے کہا  کہ صحافی معاشرے کے ڈاکٹر کی حیثیت رکھتے ہیں جو معاشرتی بیماریوں اور برائیوں سے بخوبی آگاہ ہوتے ہیں اور نبض پر ہاتھ رکھ کر  معاشی اور معاشرتی خرابیوں کے خاتمے کے لئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

آر پی او نے کہا کہ پولیس میں  شفافیت، عوامی اعتماد کی بحالی اور کمیونٹی پولیسنگ کا فروغ میری ترجیحات ہیں۔ہمارا فوکس دفاتر کی بجائے تھانے ہوں گے۔انوسٹی گیشن کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ برداشت کو فروغ دے کر نہ صرف امن و مان کی صورتحال بہتر بنائیں گے بلکہ عوامی مسائل کا حل  بھی تلاش کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ  38بڑے بدمعاشوں کے خلاف کارروائی کی گئی جن میں راولپنڈی سے 11،جہلم سے 10،اٹک سے 10 اور چکوال سے 7 ملزمان گرفتار کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ ان بدمعاشوں میں جہلم سے 1 بڑا بین الصوبائی گینگ بھی گرفتار کیا گیا۔

Related Posts