واشنگٹن :امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حامیوں کے سامنے فلوریڈا کے پام بیچ کاؤنٹی کنونشن سینٹر میں خطاب کرتے ہوئے امریکا کو دوبارہ عظیم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ “امریکا نے ہمیں ایک بے مثال اور طاقتور مینڈیٹ دیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے اس الیکشن کو “تاریخ کی سب سے بڑی سیاسی تحریک” قرار دیا، جس نے ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی امید ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا، “یہ امریکا کے لیے واقعی سنہری دور ہوگا۔ ہم اپنے ملک کے زخموں کو بھرنے کے لیے اقدامات کریں گے اور امریکہ کو محفوظ، مضبوط اور خوشحال بنائیں گے۔”
انہوں نے اپنی کامیابی پر سوئنگ اسٹیٹس کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ امریکی عوام کے لیے ہر دن لڑیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کی قیادت میں امریکا جنگیں شروع نہیں کرے گا بلکہ جنگوں کا خاتمہ کرے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں اپنی اہلیہ میلانیا، بیٹی ایوانکا، داماد جیرڈ اور تمام حامیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خدا نے ان کی زندگی کو ایک مقصد کے تحت محفوظ رکھا۔