رواں برس کے دوران کراچی میں اکتوبر کی راتیں گرم ترین قرار دے دی گئیں، گرمی کا 57 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔
نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اکتوبر کی راتیں شہرِ قائد کی موسمیاتی تاریخ میں گرم ترین رہیں، شہر کے کم سے کم اوسط درجہ حرارت کا 57 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 1967 میں کراچی کا کم سے کم اوسط درجہ حرارت 30 اعشاریہ 6ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا، لیکن گزشتہ ماہ کراچی کا کم سے کم اوسط درجہ حرارت 30اعشاریہ 9ڈگری رہا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 57سال بعد کم سے کم اوسط درجہ حرارت میں 0اعشاریہ 3ڈگری کا فرق ہے۔ شہر کے رات کے کم سے کم درجہ حرارت کا ایک سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا ہے۔ گزشتہ برس کم سے کم درجہ حرارت 25اعشاریہ 7ڈگری رہا۔
رواں برس اکتوبر کے دوران رات کا درجہ حرارت 26اعشاریہ 3ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ برس کے کم سے کم درجہ حرارت کے مقابلے میں 0اعشاریہ 6ڈگری زائد رہا۔ ماہرین موسمیات کا ماننا ہے کہ آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔