کراچی کے شہری مزید کب تک شدید گرمی کے تھپیڑے سہتے رہیں گے، محکمہ موسمیات نے اپنے تازہ ویدر اپڈیٹس میں بتا دیا۔
محکمہ موسمیات کا اپنے ویدر اپڈیٹس میں بتانا ہے کہ کراچی میں مزید 2 سے 3 روز تک درجہ حرارت میں اضافے کا امکان موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کی جاری کردہ اپڈیٹس کے مطابق کراچی اور زیریں سندھ حالیہ دنوں میں گرم موسم کی لپیٹ میں ہیں، کراچی میں آئندہ 2 سے 3 روز دن کے وقت درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید بتانا ہے کہ کراچی میں دن کا درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ دن کے پہلے نصف حصے میں شمال مغرب اور شمال سے گرم ہوائیں چل سکتی ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے سجاول، ٹھٹہ، حیدر آباد، عمر کوٹ، میر پور خاص اور تھر پارکر میں بھی 2 سے 3 روز درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔