دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں آج لاہور پہلے اور کراچی پانچویں نمبر پر رہا۔
سمندری ہواؤں کی مختصر وقت کے لیے بندش اور بلوچستان کی شمال مغربی سمت کی ہوائیں چلنے کے سبب دوپہر کے وقت کراچی دنیا کے آلودہ شہروں کی فہرست میں چند گھنٹوں کے لیے 5 ویں نمبر پر رہا تاہم رات کے وقت کچھ بہتری کے ساتھ 8 ویں نمبر پر آگیا، شہر کی فضاؤں میں آلودہ ذرات کی مقدار 134 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ ہوئی۔
لاہور شہر دن کے وقت آلودہ ذرات 253 پرٹیکیولیٹ جبکہ رات کے وقت 360 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے سبب دنیا بھر کے آلودہ شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر رہا، دنیا کے آلودہ شہروں میں دہلی (بھارت) دوسرے، ووہان (چین) تیسرے جبکہ ڈھاکا (بنگلہ دیش) چوتھے نمبر پر رہا۔
ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق 151 سے 200 درجے کی آلودگی مضر صحت، 201 سے 300 درجے کی آلودگی انتہائی مضر صحت جبکہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔