پاکستان کے محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں خشک موسم کی پیشگوئی کی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں گرم اور خشک موسم رہا۔ بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے زیادہ تر علاقوں میں براعظمیٰ ہوائیں چھائی ہوئی ہیں تاہم رات کے وقت بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پربارش اور گرج چمک کے ساتھ ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
مٹھی اورشہید بے نظیر آبادجمعرات کے روز ملک کے سب سے گرم علاقے رہے، جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
کراچی کو شدید گرمی کا سامنا ہے۔ پیشین گوئیاں بتاتی ہیں کہ اگلے چند دنوں میں درجہ حرارت 37 اور 39 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کو دن کے وقت شمال اور شمال مغرب سے گرم اور خشک ہواؤں کا سامنا رہے گاتاہم سمندری ہواؤں کے دوبارہ شروع ہونے کی وجہ سے27 اکتوبر سے شروع ہونے والے ہفتے کے آخر تک درجہ حرارت میں کمی کی توقع ہے۔