مسافروں کی بروقت روانگی نہ ہوسکی، پاکستان ریلوے کی ایپ نے مسافروں کی پریشانی میں اضافہ کردیا ہے، موسمِ سرما کے ٹائم ٹیبل میں تبدیلی ایپ پر اپ ڈیٹ نہ کی جاسکی۔
وی نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ ٹائم ٹیبل میں حالیہ تبدیلی نے ریلوے کی موبائل ایپ میں ایک اہم خامی کو بے نقاب کردیا ہے۔ لائیو ٹریکنگ ایپ ایک ٹول ہے جس پر بہت سے مسافر ریئل ٹائم ٹرین کی معلومات کے لیے انحصار کرتے ہیں، نئے شیڈول کے ساتھ مطابقت پذیر نہیں ہوسکا۔
رپورٹ کے مطابق ایپ کے دکھائے گئے اوقات اور ٹرین کے اصل شیڈول کے درمیان 59منٹ کا فرق پڑا، جس سے متعدد ٹکٹ ہولڈر اور پلیٹ فارم پر پھنسے ہوئے مسافر اپنی روانگی سے محروم ہوگئے۔ریلوے کے لائیو ٹریکنگ سسٹم کا آغاز 12 فروری 2019 کو ہوا تھا۔
لائیو ٹریکنگ سسٹم ایپ استعمال کرنے والے صارفین کو ان کے اسمارٹ فونز کے ذریعے ٹرین کی نقل و حرکت اور ٹائم ٹیبل کے بارے میں تازہ ترین ڈیٹا فراہم کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا تھا۔ ایک مسافر عرفان اللہ کا کہنا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس کا ٹکٹ آن لائن خریدا، لیکن دیر ہوگئی اور روانگی نہیں ہوسکی۔
عرفان اللہ کا کہنا ہے کہ رحیم یار خان سے بھلوال تک اپنے سفر کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے میں نے آمد کی درست معلومات کے لیے ایپ پر انحصار کیا، لیکن نئے نظام الاوقات کے تحت ٹرین کی اصل آمد سے 45منٹ پہلے کا وقت ایپ پر دکھایا گیا، لیکن جب میں پہنچا تو ہزارہ ایکسپریس 59پہلے ہی روانہ ہوچکی تھی۔
اسی رحیم یار خان ریلوے اسٹیشن پر ساتھی مسافر بھی ایپ کے ذریعے فراہم کی گئی غلط معلومات پر پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے نظر آئے۔ رحیم یار خان اسٹیشن کے حکام نے ذمہ داری ہیڈ کوارٹر پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایپ کی دیکھ بھال ہیڈ کوارٹرز کا کام ہے۔ پاکستان ریلوے کی یہ ایپ سابق وزیر شیخ رشید کے دور میں تیار کی گئی تھی۔