لاہور میں بجلی چوروں کے خلاف پولیس نے شکنجہ مزید سخت کر دیا ہے اور رواں برس کے دوران اس قبیح فعل میں ملوث ہونے کے شبے میں تیرہ ہزار آٹھ سو افراد کو دبوچ لیا گیا ہے۔
محکمہ پولیس کے ترجمان کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے مختلف تھانوں میں بجلی چوری کے بارہ ہزار سے زائد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں جن میں سے 46 نامزد ملزمان مفرور ہونے کی وجہ سے اشتہاری قرار پائے ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایاکہ اس مہم کے دوران کسی بھی قسم کے امتیاز کے بغیر بلاتعطل کارروائیاں جاری رکھی جا رہی ہیں اور اب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان عناصر پر بھی خصوصی نظر رکھی ہوئی ہے جو بجلی چوری کے لیے استعمال ہونے والے آلات تیار کرنے میں ملوث ہیں۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ زیرِ تفتیش تمام مقدمات کو قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے جلد از جلد ان کے انجام تک پہنچایا جا رہا ہے تاکہ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








