اسلام آباد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک لاکھ امریکی ڈالر تاوان کے لیے اغوا کیے گئے غیر ملکی شہری کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
پولیس کے مطابق شہری کو آج صبح سیکٹر G-8 سے اسلحے کے زور پر اغوا کیا گیا تھا، جبکہ ملزمان نے رہائی کے بدلے ایک لاکھ ڈالر تاوان طلب کیا۔ اطلاع ملنے پر ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی ہدایت پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے جدید تکنیکی ذرائع اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے تھانہ سہالہ کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے مغوی کو بازیاب کروا لیا۔
پولیس نے اغوا میں ملوث 9 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی 3 گاڑیاں، چھینی گئی نقدی اور موبائل فونز برآمد کر لیے۔ ملزمان نے واردات کے دوران دیگر اسٹاف سے بھی نقدی، موبائل فونز اور قیمتی اشیا چھینی تھیں۔
گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے کہا ہے کہ شہریوں اور غیر ملکی باشندوں کی جان و مال سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








