رکشہ ڈرائیور نے دیا مدد کا جھانسہ! خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی، ایک ملزم گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

گھریلو تنازع کے باعث مریدکے سے لاہور پہنچنے والی خاتون کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے جس پر شالیمار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک نامزد ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق خاتون گھریلو جھگڑے کے بعد مریدکے سے لاہور آئی تھی۔ اس دوران ایک رکشہ ڈرائیور نے اسے رہائش کے لیے مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی اور مبینہ طور پر اسے اپنے دوست حنیف کے گھر چھوڑ دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ رکشہ ڈرائیور کے وہاں سے روانہ ہونے کے بعد حنیف نے خاتون کو زنجیروں کے ذریعے باندھ کر مبینہ طور پر یرغمال بنا لیا۔ بعدازاں اس نے اپنے ساتھی کریم کو بھی گھر بلا لیا۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان نے خاتون کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ خاتون نے موقع ملنے پر پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے واقعے کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور کارروائی شروع کردی۔

شالیمار پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے حنیف کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ مبینہ طور پر فرار ہونے والے دوسرے ملزم کریم کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے ایس پی سول لائنز منزہ کرامت نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد اور جنسی زیادتی میں ملوث عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ ان کے مطابق فرار ملزم کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

پولیس کے مطابق مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے سے متعلق دیگر شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

Related Posts