وقت آگیا ہم مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کیلئے نئے بیانیہ کے ساتھ سامنے آئیں، سردار مسعود خان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

sardar masood khan
وقت آگیا ہم مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کیلئے نئے بیانیہ کے ساتھ سامنے آئیں ، سردار مسعود خان

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پشاور: آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ ہم مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لئے ایک نئے بیانیہ کے ساتھ سامنے آئیں اور بھارت کے اصل چہرے کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کریں۔

پشاور یونیورسٹی کے سینٹر فار گلوبل اینڈ اسٹرٹیجک اسٹڈیز کے زیر اہتمام ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدرآزاد کشمیر سردار مسعود خان کاکہناتھاکہ پاکستانیوں اور کشمیریوں کے اندر یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ بدلے ہوئے حالات میں تنازعہ کشمیر کو نئے پیرائے میں اجاگر کر کے بھارت کے جھوٹ پر مبنی موقف کو دنیا سے مسترد کرائیں۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ اس سال پانچ اگست کے دن بھارت نے پہلے سے موجود سات لاکھ فوج کے علاوہ دو لاکھ مزید فوج کی مدد سے کشمیر پر دوبارہ قبضہ کیا، پورے مقبوضہ جموں وکشمیر کی آبادی کو کرفیو نافذ کر کے اپنے گھروں میں بند کر دیا اور ہزاروں نوجوانوں کو گرفتار کر کے بھارت کے مختلف جیلوں میں منتقل کر دیا جہاں ان پر بدترین تشدد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نےکہا کہ بھارت کے ان اقدامات کے خلاف دنیا میں ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ پاکستان کی حکومت اور اہل پاکستان نے اس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا، ملک کی پارلیمنٹ، سیاسی جماعتوں اور ہر مکتب فکر کے لوگوں نے اس کی شدید مذمت کی اور کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

حکومت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا دروازہ کھٹکھٹایا لیکن بدقسمتی سے سلامتی کونسل نے اپنا وہ کردار ادا نہیں کیا جس کی اس سے توقع تھی یا جو اس کی ذمہ داری تھی۔ لیکن دوسری جانب عالمی ذرائع ابلاغ اور دنیا کی مختلف پارلیمنٹس اور سول سوسائٹی نے کشمیریوں کے حق میں آواز بلند اور بھارت کے اقدامات کے خلاف ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کی پالیسی صرف کشمیر تک محدود نہیں بلکہ اس کا نشانہ بھارت کے مسلمان شہری، پاکستان اور آزادکشمیر بھی ہے۔ بھارتی حکمران آزادکشمیر پر حملہ کر کے قبضہ کرنے، پاکستان کی سلامتی سے کھیلنے کی دھمکیاں دینے کے علاوہ بھارت کے مسلمان شہریوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ ہمارے پاس سفارتکاری اور جنگ کے دو آپشنز تھے اور پاکستان نے سفارتکار ی کا آپشن چنا ہے لیکن اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف کسی قسم کی مہم جوئی کی تو پاکستان اپنے دفاع میں ہر حد تک جانے کے لئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام دو سو سال سے آزادی اور اپنے جمہوری حق حکمرانی کے لئے لڑ رہے ہیں اور وہ یہ جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک کہ انہیں یہ حق مل نہیں جاتا۔

Related Posts