برطانوی کورونا نے پنجاب میں پنجے گاڑ دئیے، 7شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

برطانوی کورونا نے پنجاب میں پنجے گاڑ دئیے، 7شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ
برطانوی کورونا نے پنجاب میں پنجے گاڑ دئیے، 7شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور: برطانوی کورونا وائرس نے صوبہ پنجاب میں پنجے گاڑ دئیے ہیں جہاں صوبائی دارالحکومت سمیت 7 شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ سے پاکستان پہنچنے والی کورونا وائرس کی نئی قسم کے باعث لاہور، گجرات، رولپنڈی اور دیگر شہروں میں گزشتہ شب 12 بجے سے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔

داتا کی نگری لاہور کے 16، گجرات کے 17 اور راولپنڈی کے 4 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے۔ سبزی، پھل، گوشت اور دودھ کی دکانیں اور بیکریوں کو شام 7 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی۔

انتہائی ضرورت کے وقت گھر سے صرف ایک شخص باہر نکل کر ضروری کام سرانجام دے سکے گا۔ صوبے کے تمام کاروباری مراکز کو کل سے شام 6 بجے تک بند کردینے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ مارکیٹس ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گی۔

نجی و سرکاری دفاتر کے ملازمین کو 50 فیصد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ باقی ماندہ 50 فیصد ملازمین گھر سے کام جاری رکھیں گے۔ راولپنڈی، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان کے علاوہ گجرات میں بھی پابندیاں عائد ہیں۔

پنجاب کے 7 شہروں میں اِن ڈور تقریبات، شادی ہالز، مزارات، درگاہوں، سینما گھروں اور کمیونٹی سینٹرز کو بند رکھا جائے گا۔ پنجاب کے علاوہ خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

راولپنڈی کے 4 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے جن میں صادق آباد، علامہ اقبال کالونی، ڈھوک پراچہ شامل ہیں جبکہ پشاور میں بھی 4 علاقے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کی زد پر ہیں جن میں حیات آباد، ڈیفنس کالونی اور گلبہار شامل ہیں۔

یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان میں  کورونا کے 2 ہزار 664 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32 مزید شہری جاں بحق ہو گئے۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 6 لاکھ 5 ہزار 200 افراد کورونا کا شکار ہوئے جبکہ وائرس میں مبتلا 13 ہزار 508 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ 1 ہزار 805افراد کی حالت تشویشناک ہوگئی۔

مزید پڑھیں: کورونا کے 2 ہزار 664 نئے کیسز رپورٹ، 32 مزید شہری جاں بحق

Related Posts