تباہ کن گرمی سے 60 سے زائد افراد ہلاک

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

فوٹو دی گارجین

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

تھائی لینڈ میں رواں سال درجہ حرارت بہت زیادہ بڑھنے سے متعدد افراد ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوئے جس سے 61 افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران تھائی لینڈ میں درجہ حرارت غیر معمولی طور پر زیادہ رہا اور حکام روزانہ کی بنیاد پر وارننگ جاری کرتے رہے ہیں۔

تھائی وزارت صحت کے مطابق 2024 کے آغاز کے بعد سے 61 افراد ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ پچھلے پورے سال میں 37 افراد کی موت واقع ہوئی تھی۔

وزارت کے مطابق تھائی لینڈ کے شمالی علاقے جو زراعت کے لیے جانے جاتے ہیں، وہاں سب سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

سائنسدان کئی سالوں سے خبردار کر رہے ہیں کہ انسانوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں اکثر گرمی کی شدید لہر کا سامنا رہے گا جو پہلے سے طویل ہوں گی۔

اقوام متحدہ کی میٹریولاجیکل آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ ایشیا کا خطہ تیزی سے گرم ہو رہا ہے۔ تھائی لینڈ نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ صحت کے مسائل کا شکار افراد کم سے کم وقت باہر گزاریں۔

تھائی لینڈ میں مون سون کے موسم میں تاخیر کے باعث بھی غیرمعمولی طور پر درجہ حرارت زیادہ ہے۔ رواں ہفتے ملک کے کچھ حصوں میں بارشوں اور طوفانوں کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آئی لیکن اس کے ساتھ ہی فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔

اپریل کے مہینے میں تھائی لینڈ میں درجہ حرارت 44.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

Related Posts