بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان صارفین کیلئے اہم انکشاف سامنے آگیا، جہاں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ آئی پی پیز کو کی جانے والی بھاری ادائیگیوں کو قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بجلی کے فی یونٹ بل میں وصول ہونے والی رقم کا تقریباً 70 فیصد حصہ آئی پی پیز (نجی بجلی گھروں) کو ادائیگیوں کی مد میں چلا جاتا ہے، جس کا براہ راست اثر صارفین کے بجلی بلوں پر پڑ رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں کے دوران آئی پی پیز کو مجموعی طور پر 13 ہزار 397 ارب روپے ادا کیے گئے، جن میں سے 7 ہزار 275 ارب روپے نجی بجلی گھروں کو بجلی کی پیداوار کی مد میں دیے گئے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ صارفین سے وصول کی گئی رقم کا ایک حصہ ایسے آئی پی پیز کو بھی ادا کیا گیا جنہوں نے بجلی پیدا نہیں کی، جبکہ بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی کے باوجود کپیسٹی پیمنٹس میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
توانائی ماہرین کے مطابق یہی اضافی مالی بوجھ بجلی کی قیمتوں میں کمی کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن رہا ہے اور صارفین مہنگے بجلی بل ادا کرنے پر مجبور ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








