خیبرپختونخوا حکومت نے کم آمدنی والے خاندانوں کو اپنی زمین کا مالک بنانے کے لیے صوبے بھر میں ایک لاکھ رہائشی پلاٹ تیار کرنے کا منصوبہ متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ منصوبہ اپنا گھر کے تصور کے تحت شروع کیے جانے والے اقدام خپل کور کا حصہ ہے جس کا مقصد مستحق خاندانوں کو مناسب قیمت پر رہائشی زمین فراہم کرنا ہے۔
منصوبے پر عمل درآمد خیبرپختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی (کے پی ایچ اے) مرحلہ وار کرے گی جبکہ صوبائی محکمہ ہاؤسنگ اس حوالے سے عملی منصوبہ بندی میں مصروف ہے۔
حکام کے مطابق منصوبے کے پہلے مرحلے میں 5 ہزار کنال اراضی پر تقریباً 9 ہزار 73 رہائشی پلاٹ تیار کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اتھارٹی اپنی ملکیتی 677 کنال زمین پر بھی 2 ہزار پلاٹ بنائے گی۔
اس ضمن میں ضلع چارسدہ کے علاقوں ڈھیری زرداد اور بہرام ڈھیری میں 500، 500 پلاٹ جبکہ ضلع بونیر کے علاقے سوواوے میں ایک ہزار پلاٹ تیار کرنے کی تجویز ہے۔
منصوبے کے تحت باقی تقریباً 89 ہزار پلاٹ نجی زمین مالکان کے اشتراک سے خیبرپختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی کے جوائنٹ وینچر ریگولیشنز 2022 کے تحت تیار کیے جائیں گے۔
نجی زمین مالکان کے لیے تجاویز جمع کروانے کی آخری تاریخ 25 نومبر مقرر
حکومت نے نجی زمین مالکان سے منصوبے میں شمولیت کے لیے تجاویز طلب کرلی ہیں۔ شرائط کے مطابق پیش کی جانے والی زمین کم از کم 500 کنال، غیر زرعی، ایک دوسرے سے متصل اور سڑک تک رسائی کی حامل ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ زیر زمین پانی کی سہولت، ملکیت کے واضح دستاویزات اور کسی قسم کے زیر التوا قانونی تنازع سے پاک ہونا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
زمین سے متعلق تجاویز جمع کروانے کی آخری تاریخ 25 نومبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
حکومت نے منصوبے کے لیے ڈائریکٹر خپل کور کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دینے اور آئندہ 180 روز کے اندر اسکیم شروع کرنے کا ہدف رکھا ہے۔
مستحق خاندانوں کو مالی سہولت فراہم کرنے کے لیے بینکوں اور مالیاتی اداروں سے بھی رابطے جاری ہیں تاکہ آسان اقساط اور مناسب فنانسنگ کا انتظام کیا جاسکے۔
حکومت کی جانب سے تاحال مستحق افراد کے انتخاب کے معیار، پلاٹوں کی قیمتوں، رجسٹریشن کے طریقہ کار اور ادائیگیوں کے شیڈول کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








