ملک بھر میں کل فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی جائینگی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Rallies will be held across the country tomorrow in solidarity with the Palestinians

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد:ملک بھر میں جمعہ کے روز فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی جائیں گی، اس موقع پر نماز جمعہ کے دوران فلسطینیوں کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی بعدازاں ملک کے مختلف شہروں میں ریلیوں، احتجاجی مظاہروں کاانعقاد کیاجائے گا۔

وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن نے سوموار کے روزقومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران جمعہ 21مئی کو فلسطین پراسرائیلی جارحیت کے خلاف سرکاری سطح پر یوم احتجاج منانے کااعلان کیا تھا، وزیراعظم نے اس حوالے سے تیاریاں کرنے کاحکم دیاتھا۔

فلسطین پراسرائیلی جارحیت کے خلاف سرکاری سطح پر یوم احتجاج منانے کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، جماعت اسلامی اور دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں کے زیراہتمام ریلیاں نکالی جائیں گی۔

اس کے علاوہ اسلام آباد،کراچی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، سرگودھا، بہاولپور، سیالکوٹ، کوئٹہ، پشاور اور راجن پور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی جس میں سیاسی ومذہبی، وکلاء، سول سوسائٹی کے ارکان سمیت ہر مکتبہ فکر کے لوگ شرکت کریں گے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی نے جمعہ کے روز بھرپور احتجاج کرنے کااعلان کیاہے، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطین ایشو پر ملک کی قومی قیادت کو اعتماد میں لیکر مشترکہ حکمت عملی تشکیل دی جائے۔

اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں القدس ملین مارچ ہو گا۔23مئی کو کراچی اور بعد میں پشاور میں القدس ملین مارچ کیا جائیگا۔جماعت اسلامی ملتان کے امیر ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے بھی جمعہ کے روز اسرائیل کیخلاف احتجاج کرنے کااعلان کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل مسلسل فلسطینیوں پر حملہ کررہاہے جبکہ امن کا ٹھیکیدار امریکہ ایک بار پھر دنیا میں بدامنی پھیلا رہا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کا فلسطینیوں کے حقوق کیلئے حمایت کے عزم کا اعادہ

وزیر اعظم عمران خان نے فلسطینیوں کے حقوق اور ان کی جائز جدوجہد کے لئے پاکستان کی مستقل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں وزیر اعظم نے اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ اور بے گناہ نمازیوں پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیر اعظم نے انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بین الاقوامی برادری کو متحرک کرنے کیلئے صدر محمود عباس کو پاکستان کی کوششوں کایقین دلایااورموجودہ بحران کے دوران پاکستانی قیادت کی مکمل حمایت کی یقین دہانی بھی کروائی۔

پاکستان فلسطین کے لئے امدادی سامان بھجوائے گا
وفاقی کابینہ نے فلسطین کے لیے امدادی سامان بھجوانے کی منظوری دے دی ہے،وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں کابینہ نے فلسطین کے لیے امدادی سامان بھجوانے کی منظوری دے دی۔ منظوری کے بعد حکومت پاکستان فلسطین کے لیے طبی سامان بھجوائے گی۔

ای سی سی اجلاس کے فیصلوں کی وفاقی کابینہ نے توثیق کردی۔ ای سی سی نے آئی پی پیز کو 40 فیصد واجبات ادا کرنے کی منظوری دی تھی۔ وفاقی کابینہ نے کرتارپور راہداری منصوبے کو پیپرا رولز سے استثنیٰ دینے کی اصولی منظوری دے دی جب کہ تکنیکی معاملات دیکھنے کے لیے معاملہ پیپرا کو بھجوا دیا۔

فلسطینی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہم فلسطینیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ان کا کہنا ہے پاکستان اور ترکی مشترکہ طور پر نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے منگل کے روز انقرہ میں اپنے ترک ہم منصب میولوت چاوش اولو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطین میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے وزرائے خارجہ اجلاس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے خطاب اور پاکستان کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کی مسلسل اور بھرپور حمایت کو سراہا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطین کے معاملے پر ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترک حکومت کے ٹھوس اور واضح موقف کی تعریف کی اور کہا کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں، رمضان المبارک اوعیدالفطر کے دوران فلسطین میں پرتشدد واقعات کے تسلسل سے پوری امت مسلمہ دل گرفتہ ہے۔

بائیڈن نے اپنے ہاتھ فلسطینیوں کے خون سے رنگ لئے، ترک صدر

ترک صدر رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل کی حمایت کرکے اپنے ہاتھ فلسطینیوں کے خون سے رنگ لئے ہیں۔ترک صدر رجب طیب اردگان نے اسرائیل کی حمایت پر امریکی صدر جوبائیڈن کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو بائیڈن نے اسرائیل کی حمایت کرکے اپنے ہاتھ فلسطینیوں کے خون سے رنگ لئے ہیں۔

جو بائیڈن اپنے خون آلود ہاتھوں سے تاریخ رقم کررہے ہیں اور ہم اب مزید خاموش نہیں رہ سکتے۔فلسطینی علاقوں میں ظلم و ستم جاری ہے اور خون بہایا جارہا ہے تاہم امریکا اس کی حمایت کررہا ہے۔

ترک صدر نے جو بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے اسرائیل کو اسلحہ فروخت کرنے پر بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر نے اسلحہ ڈیل پر دستخط کیے ہیں۔جو ایک سوالیہ نشان ہے۔

Related Posts