غیرقانونی انٹرنیٹ سروس کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے لاہور میں بغیر لائسنس انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے کے زونل آفس لاہور نے ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کے ساتھ مل کر فیروزپور روڈ، کاہنہ نو میں “فرنٹینڈ انٹرنیٹ” کے خلاف چھاپہ مار کارروائی کی۔ حکام کے مطابق مذکورہ کمپنی پی ٹی اے کا لائسنس حاصل کیے بغیر انٹرنیٹ سروسز فراہم کر رہی تھی۔

کارروائی کے دوران دو سسکو سوئچز، پانچ GPON OLT ڈیوائسز، 19 پیچ کیبلز، تین کیش میمو بکس اور ایک لیپ ٹاپ قبضے میں لے لیا گیا۔

ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ضبط کیے گئے آلات کو بھی مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ غیرقانونی انٹرنیٹ سروسز کے خلاف کارروائیاں ٹیکس چوری، آمدنی کی غلط رپورٹنگ اور قومی خزانے کو نقصان سے بچانے کے لیے ناگزیر ہیں۔ ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف پی ٹی اے سے لائسنس یافتہ ٹیلی کام آپریٹرز کی خدمات حاصل کریں۔

Related Posts