کراچی کے لیے بڑی خوشخبری، کے فور منصوبے کو 7.79 ارب روپے کی گرانٹ مل گئی

تازہ ترین

تازہ ترین

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کراچی کے اہم آبی منصوبے کے فور (K-IV) کے لیے 7 ارب 79 کروڑ 71 لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری دے دی، جبکہ توانائی، گندم، پیٹرولیم اور ریکوڈک سمیت متعدد اہم شعبوں سے متعلق بڑے فیصلے بھی کیے گئے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے ای سی سی اجلاس کے اعلامیے کے مطابق پاسکو کے گندم ذخائر میں 85 فیصد مقامی اور 15 فیصد درآمدی گندم شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں درآمدی گندم کے بروقت اخراج کے لیے پاسکو کے ذخائر متعلقہ وصول کنندہ اداروں کو فراہم کرنے کی بھی اجازت دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق غیرملکی سپلائرز کے اکاؤنٹس پر پیٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے اور کسٹمز بانڈڈ اسٹوریج کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کی بھی منظوری دی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اور عمان کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے معاہدے کی منظوری دیتے ہوئے او کیو ٹریڈنگ (OQ Trading) اور پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔

اجلاس میں روزویلٹ ہوٹل کی تعمیرِنو کے لیے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی، جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) اور نیشنل بینک آف پاکستان (NBP) کے درمیان معاہدے کے لیے 15 کروڑ 38 لاکھ ڈالر کی حکومتی ضمانت بھی منظور کر لی گئی۔

اس کے علاوہ ریکوڈک منصوبے کی سکیورٹی کے لیے فرنٹیئر کور (FC) کو 56 کروڑ 70 لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

Related Posts